0

سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کودبئی جانے کی اجازت دے دی

کراچی (مانند نیوز ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا نام ای سی ایل سے نکلوانے سے متعلق درخواست منظور کرلی۔سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کو دبئی جانے کی اجازت دے دی ہے۔ دبئی میں جاری ایکسپو نمائش کے لیے شرجیل میمن کی سندھ حکومت نے بطور فوکل پرسن تقرری کی ہے۔عدالت میں وکلا نے بیان دیا کہ وفاق اور نیب کو شرجیل میمن کے بیرون ملک جانے پر اعتراض نہیں۔عدالت نے حکم دیا کہ شرجیل میمن یکم اپریل 2022 سے قبل واپس آجائیں۔ شرجیل میمن کو 10 لاکھ روپے بطور زر ضمانت جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بیرون ملک سفر کرنا شرجیل میمن کا بنیادی حق ہے اور انھیں زر ضمانت کے عوض اجازت دے دی جائے۔شرجیل میمن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فوکل پرسن کی حیثیت سے شرجیل میمن کو 15 نومبر سے فیسٹیول میں شرکت کرنی ہے اور وہ ایکسپو میں سندھ حکومت کی نمائندگی کریں گے۔ تین ماہ قبل سندھ ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی بیرون ملک جانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کو 30دن کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی تھی۔پیپلزپارٹی کے رہنما کو عدالت نے 10 لاکھ روپے زرِضمانت جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ نیب ریفرنس کے مطابق شرجیل میمن کے 2.43 ارب روپے کے اثاثے ہیں اور انہوں نے متعدد رشتہ داروں کے نام پر جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔ پی پی رہنما پر الزام ہے کہ انہوں نے 18لاکھ روپے غیر قانونی طور پر حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے ملک سے باہر منتقل کیے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں