0

ٓمحمد زادہ شہید انٹی نار کوٹیکس سکواڈ ملاکنڈ لیویز کا باقاعدہ افتتاح

ملاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام شاہ نے کہا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایت پراز خود سید محمد زادہ اگراوال کے کیس کی تحقیقات کی نگرانی کررہے ہیں اور صوبائی حکومت کو اس ضمن میں پیش رفت سے لمحہ بہ لمحہ اگاہ کیا جارہاہے۔ضلع ملاکنڈ میں منشیات فروشوں اور دیگر منفی سرگرمیوں میں ملوث مافیا کے خلاف موثر اور فیصلہ کن کاروائیوں میں تمام سکیورٹی اور انٹیلجنس اداروں کا آپشن استعمال کیا جائے گا اور اس مکروہ دھندے کے پیچھے اصل چھوپے کرداروں کو اشکار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ضلع میں منشیات فروشی کے قبیح فعل میں ملوث تقریبا َ 60 فیصد افراد کو پکٹرا جاچکا ہے اور اس سلسلے میں 35 عناصر گرفتار ہیں جبکہ باقی 30 کے لگ بھگ افراد کے خلاف انتظامیہ کی کاروائی جاری ہے جن کو  جلد از جلد پکٹرا جائے گا۔کمشنر ملاکنڈ نے مزید کہاکہ منشیات کے فروخت کرنے والوں یا ان کے سہولت کاروں کے بارے میں کسی بھی تھانے یاچوکی کے قریب موجودگی کی اطلاعات ملیں تو وہاں کے لیویز ذمہ داروں کے خلاف بھی قانونی کاروائی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کے روز لیویز ہیڈ کوارٹر ملاکنڈ میں ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ انوارلحق اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ محب اللہ،صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز اور شہید محمد زادہ کے والد کے ہمراہ محمد زادہ شہید انٹی نار کوٹیکس سکواڈ ملاکنڈ لیویز کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے بعد میڈیا بریفنگ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر لیویز فورس کے اہلکاراور عوامی معززین بھی موجود تھے۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے اس موقع پر محمد زادہ سوشل فورم کے قیام کا اعلان بھی کیا جبکہ شہید محمد زادہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے قوم اور معاشرے کی بھلائی اور نوجوانوں کو نشے سے بچانے کیلئے اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا اور علاقے میں نشے کے ناسور اور اس دھندے میں ملوث افراد کے خلاف آواز اٹھائی جس پر ان کو شہید کیا گیا۔کمشنر نے مزید کہا کہ ملاکنڈ کو مزید منشیات فروشوں کیلئے کھلا میدان نہیں چھوڑا جاسکتا  اور ان کو ختم کرکے اس ضلع کو امن کا گہوارہ بنوائیں گے۔انھوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے انٹی نارکوٹیکس فورس کا یونٹ قائم کیا جائے گاانھوں نے کہاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو سزائیں دلوانے کیلئے بہتر تفتیش اور موثر استغاسہ کیلئے ہدایات جاری کی گئیں ہیں تاکہ یہ عناصر اپنے انجام کو پہنچ سکیں۔انھوں نے کہاکہ لیویز فورس میں ایسے اہلکار جو اس ضمن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ منفی سرگرمیوں میں ملوث عناصر سے روابط رکھنے والے اہلکاروں کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔کمشنر نے اس موقع پر عوام کی جانب سے منشیات کی حوصلہ افزائی اور اس کے خلاف بروقت اقدامات کرنے کے سلسلے میں متعدد تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان پر عملدرآمد کیلئے اسے متعلقہ اعلیٰ فورمز کو ارسال کیا جائے گا۔کمشنر نے کہاکہ حکومت شہید محمد زادہ کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان ظالموں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے جو ان کے شہادت میں ملوث ہیں جبکہ پردے کے پیچھے ان کرداروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا جواس گناہ میں قاتلوں کے ساتھ شریک ہیں کمشنر نے اس موقع پر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض بہترین طریقے سے نبھائیں اورآئندہ کیلئے اس طرح کا واقع  دوبارہ رونما نہیں ہونا چائیے۔بعد ازاں کمشنر سخاکوٹ گئے جہاں انھوں نے شہید محمد زادہ اگراوال کے قبر پر پھولوں کے گلدستے رکھ دیے اورشہید کے روح کے ایثال ثواب اور بلند درجات کیلئے دعا مانگی گئی۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں