0

سوات، تحصیل کبل میں RTA اور MVE کی تین دن سے کاروائیاں جاری

سوات (مانند نیوز ڈیسک) تحصیل کبل میں RTA اور MVE کی تین دن سے کاروائیاں جاری۔ سکولز و کالجز کے دورے۔ گاڑیوں اور کاغذات کا معائنہ و جانچ پڑتال۔ بچوں، پرنسپلز اور والدین کو ہدایات جاری کیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی سی سوات جنید خان کی ہدایت پر تحصیل کبل میں RTA اور MVE کے آفیسرز نورزیب شاہ اور رفیع اللہ نے کاروائیاں شروع کردیں۔ مختلف سکولز اور کالجز کی بسوں کی حالت جاننے کیلئے تین دن سے ان کی کاروائیاں جاری ہیں۔ اس دوران انہوں نے تحصیل کبل کے سکولز اور کالجز کی بسوں کا معائنہ کیا اور گاڑیوں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی۔ بسوں کی مشینری، سیٹوں اور مختلف پرزہ جات کا جائزہ لیا کہ گاڑیوں کی حالت قابل استعمال ہے یا نہیں۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکولوں اور کالجز کی بسوں اور دیگر گاڑیوں کا مقصد طلبہ و طالبات کو اہم سہولت کی فراہمی ہے تاکہ وہ بہ سہولت اور محفوظ طریقے میں گھروں سے آ جا سکیں۔طلبہ و طالبات ہمارے بچے اور قوم کا انمول سرمایہ ہیں۔ ایک بچہ بھی ہمارے لئے ایک ہیرے سے کم نہیں۔ اسی لئے ضروری ہے کہ ہم بچوں کی حفاظت بہ ہر صورت ممکن بنائیں۔گاڑیوں کی حالت وقتاً فوقتاً چیک کیا کریں۔ کسی بھی معمولی فنی و دیگر خرابی فی الوقت ٹھیک کروائیں۔بچوں کے بیٹھے کی جگہ کی وقتاً فوقتاً مرمت کروائیں۔کسی بھی نوکدار سطح کی فوری طور مرمت کروائیں۔اگر خدانخواستہ ایک بھی بچے کو نقصان پہنچتاہے تو یہ پوری قوم کا نقصان ہے۔انہوں نے گاڑیوں کے ڈرائیورز کے بارے میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کے تحفظ کے حفظ ماتقدم کے طور پر ایسے ڈرائیور رکھے جائیں جوکہ عمر رسیدہ نہ ہوں کیونکہ عمر رسیدہ افراد کی بصری کمزوریوں اور دیگر وجوہات کی بناء پر ڈرائیونگ ماورا از قانون ہے جبکہ گاڑیوں کی چھتوں اور باہر لٹکنے سے بھی سختی سے گریز کیاجائے۔انہوں نے مزید کہاکہ اداروں کا مقصد قانون کی بالادستی اور قوم کی حفاظت اور بہترین مفاد کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانا اور ان کو لاگو کرنا ہے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں