0

ایف 16 طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ایف 16 طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد ہے۔انہوں نے بیان میں کہا کہ ایف سولہ طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد، من گھڑت ہے۔ بھارتی پائلٹ کی گرفتاری سے پہلے ایف 16جہاز گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ہے، ابھینندن کو ایوارڈ دینے کا مقصد بھارتی عوام کی اصل حقائق سے توجہ ہٹانا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو ایوارڈ دینا اپنی عوام کو خوش کرنا اور خفت مٹانا ہے۔ پاک فضائیہ نے 27 فروری 2019 کو 2 بھارتی جہازوں کو دن میں مار گرایا تھا، ایک بھارتی مگ21 طیارہ آزاد جموں و کشمیر کی حدود میں تباہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تباہ شدہ بھارتی طیارے کے پائلٹ کو پاکستان نے پکڑا، پھر جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا، پائلٹ کو واپس بھیجنا دلیل ہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باوجود پاکستان امن کا خواہاں ہے۔مارگرائے جانے والے بھارتی طیارے کے پائلٹ کو اعزاز دیتے وقت پڑھا جانے والا تعارف بھارتی جعلسازی اورفرضی قصے کہانیوں کی ایک بہترین مثال ہے جس کا مقصد اپنے عوام کو خوش کرنا اور اپنی ہزیمت و رسوائی کو چھپانا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی ماہرین، امریکی حکام نے تصدیق کی کہ اس دن پاکستان کا کوئی ایف سولہ طیارہ نہیں گرا، بین الاقوامی اور امریکی ماہرین نے ایف 16 طیاروں کے سٹاک کا بغور جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا فوجی اصولوں اور اقدار کے منافی ہے،شکست خوردہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں