0

پشاور، چیف ٹریفک آفیسر کا یونیورسٹی روڈ اور جی ٹی روڈ پر جاری کام کا جائزہ

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے زیر اہتمام شہر میں ٹریفک نظام میں مزید بہتری کیلئے جاری کاموں کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی ایس پی ٹاؤن حضرت اللہ اور دیگر ٹریفک حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف ٹریفک آفسر عباس مجید خان مروت نے شہر کے مختلف مقامات پر جاری کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں جبکہ شہریوں سے بھی اس سلسلے میں آگاہی حاصل کی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور اور پی ڈی اے کے زیر اہتمام یونیورسٹی روڈ اور جی ٹی روڈ پر مختلف مقامات میں کیٹ آئیز لگانے‘ لین مارکنگ‘ زیبرا کراسنگ اور یوٹرنز میں بہتری لانے کے کام کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کئے اور کہا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے جس سے شہریوں کو سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ اور یونیورسٹی روڈ پر جاری کام کی تکمیل سے شہریوں کو دوران سفر کسی قسم کے مشکلات درپیش نہیں آئیں گے جبکہ روڈ جامنگ کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہو جائیگا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ تجاوزات مافیا کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھیں اور نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ یونیورسٹی روڈ پر شاپنگ مالز کے باہر نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنے اور پلازوں میں پارکنگ نہ بنانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے بصورت دیگر غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں