0

ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، گلیات، مظفرآباد میں برفباری

اسلام آباد،لاہور، مظفرآباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، آسمان سے برستی بوندوں نے موسم کا مزا دوبالا کر دیا۔ گلیات، مظفر آباد میں بارش اور برفباری نے نظارے حسین بنا دیئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش ہوئی،سردی کی شدت بڑھ گئی، لاہور سمیت کئی شہروں میں رم جھم تو کہیں موسلادھار بارش سے موسم دلفریب ہوگیا۔ بادل برسنے سے جاڑے کی شدت بھی بڑھ گئی۔راولپنڈی، صادق آباد، قصور، وہاڑی میں ابررحمت برسا۔ بہاولنگر، بورے والا، منچن آباد،ساہیوال، شیخوپورہ سمیت کئی علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔  بلوچستان کے علاقے گوادر میں بادل خوب برسے، موسلا دھار بارش سے سڑکیں زیر آب آگئیں،جیونی، پسنی اورماڑہ میں بھی تیز بارش نے موسم کو مزید سرد کردیا۔صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد میں موسم سرما کی پہلی ہلکی بارش نے موسم مزید سرد کردیا۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔گلیات، ایوبیہ، ڈنگا گلی، چھانگہ گلی میں آسمان سے گرتی برف نے نظارے حسین بنا دیئے۔ وادی نیلم، مظفرآباد، کالام، مالم جبہ،سوات،چترال،پاراچنار میں برفباری سے موسم دلفریب ہوگیا،سکردو میں ضلع کھرمنگ، شگر اور گانچھے میں برفباری کے بعد راستے بند ہو گئے،لوگ گھروں میں محصورہوکر رہ گئے،نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے اکثر علاقوں میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں مزید برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں