0

23مارچ کو اسلام آباد کی جانب لاکھوں عوام نکل کر اس حکومت کا تختہ الٹ دیں گے، انجنییر ضیاء الرحما ن

تخت بھائی (مانند نیوز ڈیسک) جمعیت علماء اسلا م کے مرکزی رہنما انجنیئر ضیاء الرحما ن نے کہاہے کہ منی بجٹ کے ذریعے عوام پر مزید بوجھ ڈالا گیا ہے۔ملکی معیشت روز بروز بگڑتی جارہی ہے جبکہ ہمارے حکمران خواب خرگوش میں مبتلا ہے اور انہوں نے اس پر چھپ سادھ لی ہے۔بجلی،گیس اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے غریب عوام خودکشی پر مجبور ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام تحصیل مردان کے امیر مولانا محمد عاقل انصاری کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفد میں ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا قیصر الدین،حافظ عبد القیوم اور بلال حیدر شامل تھے۔انجنییر ضیاء الرحما ن نے کہاکہ 23مارچ کو اسلام آباد کی جانب لاکھوں عوام نکل کر اس حکومت کا تختہ الٹ دیں گے۔حکومتی صفوں میں بھی بے چینی پھیل گئی ہے اور حکمران جماعت کے کئی رہنماؤں نے جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا اعلان قائد جمعیت کی موجودگی میں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پورے صوبے میں جمعیت علماء اسلام مقبول ترین جماعت بن گئی ہے اور آنے والے انتخابات میں ان کا بستر گول کر دیں گے۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے او ریہی وجہ ہے کہ عوام عمران خان کی حکومت سے نالاں ہے۔انہوں نے کہاکہ قائد جمعیت کی قیادت میں جمعیت  علماء اسلام ایک ابھرتی ہوئی قوت بن گئی ہے اور آنے والے انتخابات میں پورے ملک میں کلین سویپ کریں گے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں