0

سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ایجوکیشن ٹیموں نے شہر بھر کے مختلف سیکٹروں میں شہریوں کو سیٹ بیلٹ‘ ہیلمٹ کے استعمال‘ اوور سپیڈنگ، اوور لوڈنگ اور دوران سفر موبائل فون کے استعمال کو ترک کرنے‘ لائن ڈسپلن‘ سواریاں اتارنے اور بٹھانے سے متعلق آگاہی دی اور انہیں باقاعدہ ہدایت کی گئی کہ وہ اگر دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی نہیں بنائیں گے تو ان کیلئے چھوٹا سا حادثہ بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور دوران سفر ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال ضرور کریں کیونکہ اس سے انکی زندگیاں محفوظ بن جاتی ہیں جبکہ دوران سفر موبائل فون کے استعمال کو مکمل طور پر ترک کریں کیونکہ دوران سفر موبائل فون پر بات کرتے تھوڑی سی توجہ ہٹ جانے پر بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے جس میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا بھی خدشہ ہوتا ہے کیونکہ حادثہ منٹوں میں نہیں بلکہ سیکنڈوں میں پیش آتا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ گاڑی چلانے والے کی غفلت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری کسی بھی غرض سے کہیں بھی جا رہے ہوں ان کو چاہئے کہ وہ مقررہ وقت سے کچھ وقت پہلے نکلیں تو محفوظ طریقے سے سفر کرکے منزل مقصود تک پہنچ سکتے ہیں جبکہ چند منٹوں کی جلد بازی ان کا ہنستا بستا گھر اجاڑ سکتی ہے تاہم شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرنے سمیت اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے غیر محفوظ طریقے سے سفر سے گریز کریں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں