0

 ریاست کے خلاف اسلحہ اٹھانے والوں کو معاف نہیں کرنا چاہئے،شیخ رشید

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف اسلحہ اٹھانے والوں کو معاف نہیں کرنا چاہئے،دہشت گردناکام ہونگے،پاکستان کی عظیم افواج اور سول آرمڈ فورسز کے ادارے انہیں شکست فاش دیں گے۔و فاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور 72 گھنٹوں میں 20 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ آپریشن میں قربانیاں دینے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ریاست کے خلاف اسلحہ اٹھانے والوں کو معاف نہیں کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا عمران خان کے دورہ چین پر چیخ رہا ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ بیرون ممالک جیلوں میں قید پاکستانیوں کو واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ منی لانڈرنگ کرنے والے فیٹف کے اصل مجرم ہیں۔ بلاول کو میں نے کبھی سلیکٹڈ نہیں کہا، فضل الرحمن کوپی پی اورن لیگ نے مکھی کی طرح نکال باہرکیا، ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے والے مفادات پر یکجا ہو رہے ہیں، اپوزیشن کی دلچسپی لانگ مارچ میں نہیں بلکہ میڈیامیں زندہ رہنا ہے۔ پہلے یہ استعفیٰ دے رہے تھے اب لانگ مارچ کر رہے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان پر اندر سے دباؤ بڑھایا جارہا ہے اور پاکستان کا ایک ایسا ماحول دکھایا جارہا ہے کہ جیسا یہاں دہشت گردی کی فضاء زیادہ ہے، پہلے بھی ہم نے دہشت گردوں کو شکست دی ہے اور پاکستان کی عظیم افواج نے دہشت گردوں کے عزائم نوشکی، پنجگور اور تربت میں کامیاب نہیں ہونے دیئے، اس بیلٹ میں فضاء بنائی جارہی ہے لیکن انشاء اللہ تعالیٰ، اللہ بہتر کرے گا اوردہشت گردناکام ہوں گے اورپاکستان کی عظیم افواج اور سول آرمڈ فورسز کے ادارے انہیں شکست فاش دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے نقشہ میں اہم جگہ پر واقع ہے اور ہمارا جغرافیہ اتنا اہم ہے کہ دو، تین سپرپاورز ہمارے ہمسائے میں لگتے ہیں اور بھارت کے افغانستان میں بیس کیمپ تھے اوراسے وہاں طالبان کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے اور ہمارے طالبان سے تعلقات اچھے ہیں اورمزید اچھے ہونے چاہیں۔ بھارت کا جو پرانا سیٹ اپ ہے اور جو پرانے رابطے ہیں وہ اس سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، بھارت اوردوسری کئی قوتیں ناکام فائدہ اٹھانے کی کوشش رہی ہیں اور وہ منہ کے بل گریں گے اور پاکستان کی عظیم فوج ان کو شکست فاش دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 42ملکوں کی فوجیں واپس گئی ہیں اور ہمارے پڑوس میں اسلحہ کی لوٹ سیل لگی ہوئی ہے، دہشت گردوں کے پاس جدید اسلحہ ہے، اڑوس پڑوس اور پاکستان میں بھی اسلحہ کی اسمگلنگ ہورہی ہے،ہم اپنے بارڈرز پر کڑی نظر رکھ رہے ہیں اورآنے جانے والی گاڑیوں پر بھی نظررکھ رہے ہیں، نیٹو اور امریکہ کا کچھ اسلحہ پکڑا بھی گیا ہے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ بارڈر پر ابھی200کلومیٹر باڑ لگنا رہتی ہے جبکہ افغانستان کے ساتھ20کلومیٹر باڑ لگنا رہتی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر صبح، شام کام ہور ہا ہے، دہشت گردی ایک دوسرا فیکٹر ہے،نیشنل ایکشن پلان پر بڑا بھر پور طریقہ سے کام ہورہا ہے،نیشنل ایکشن پلان2014بند پڑا تھا عمران خان نے اس کو آکر بحال کیا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے14نکات پر بہت زبردست کام ہورہا ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں