0

دعا ہے عمران نیازی پٹرول اور بجلی کی قیمت پر یوٹرن نہ لیں،شہباز شریف

 لاہور (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ دعا ہے کہ عمران نیازی پٹرول اور بجلی کی قیمت میں اپنے پیکج پرآنے والے دنوں میں یوٹرن نہ لیں۔ اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف اور عوام دونوں کو دھوکہ دے رہی ہے، آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے عوام اور عوام کو خوش کرنے کے لئے آئی ایم ایف کو چکر دیا جارہا ہے، ڈوبتی سیاست بچانے کے لئے معاشی، قومی اور عوامی مفادات کو بلی چڑھایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ عمران نیازی پٹرول اور بجلی کی قیمت میں اپنے پیکج پرآنے والے دنوں میں یوٹرن نہ لیں، پٹرول کی قیمت کم ہوئی ہے تو مہنگائی میں کمی کیوں نہیں ہوئی؟ کرایوں میں کمی کون کرائے گا؟۔ انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے سوئی ناردرن کے لئے 94 اور سوئی سدرن کے لئے 50 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کا امکان حکومتی پیکج کے کھوکھلے پن کا ثبوت ہے، ایل پی جی کی قیمت میں پہلے ہی 27روپے فی کلو اضافہ اور گھریلو سلنڈر 319روپے مہنگا ہونا غریبوں سے ریلیف چھیننا ہے۔انہوں نے کہا کہ43ماہ میں غیرملکی قرض 47.55ارب ڈالرز سے تجاوز نے معیشت اور معاشی ماہرین کو ہلا کر رکھ دیا، حکومت ہر ماہ بیرون ملک سے ایک ارب ڈالر قرض لے رہی ہے، تاریخ میں اتنا قرض کسی حکومت نے پاکستانیوں پر نہیں لادا جتنا موجودہ حکومت نے تین سال میں لاد دیا۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ بینکوں کو آئل درآمد کرنے والی کمپنیوں کو ایل سی کھولنے میں ہچکچاہٹ سے ملک میں تیل کا بحران پیدا ہوسکتا ہے، ملک میں ڈیزل کے بحران کا خدشہ تشویشناک ہے، مہنگائی 24ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، کھانے پینے کی اشیاکی مہنگائی شہروں میں 14.3اور دیہات میں 14.6فیصد ہونا عوام پر ظلم کی مثالیں ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ کے الیکڑک نے 2.90روپے فی یونٹ اضافہ نام نہاد ریلیف واپس لینے کے مترادف ہے، بجٹ تک پٹرول اور بجلی کی قیمت نہ بڑھانے کا اعلان کرکے پھر بجلی کی قیمت کیوں بڑھائی جارہی ہے؟۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں