0

جمعیت علماء اسلام ضلع مردان نے 25مارچ کوہونے والے لانگ مارچ کے لئے تیاریاں شروع کردی

تخت بھائی (مانند نیوز ڈیسک) جمعیت علماء اسلام ضلع مردان نے 25مارچ کوہونے والے لانگ مارچ کے لئے تیاریاں شروع کردی۔مردان کے 75 یونین کونسلوں سے ایک لاکھ افراد لانگ مارچ میں شرکت کریں گے۔ضلع کے ہر یونین کونسل میں روزانہ کی بنیاد پر عوامی اجتماعات منعقد کئے جائیں گے جبکہ ضلعی اور تحصیل سطح پر ارکان کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی۔اس حوالے سے ضلعی مجلس عمومی کا اجلاس ضلعی امیر مولانا محمد قاسم کی صدارت میں ہوا جس میں سابق صوبائی وزیر اطلاعات اور جمعیت علماء اسلام کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری آصف اقبال داؤد زئی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آصف اقبال داؤد زئی نے کہاکہ25مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے لانگ مارچ کے لئے وسطی اضلاع سے10لاکھ افراد شریک ہونگے۔لانگ مارچ میں شرکت کے لئے خیبر پختونخوا کے قافلے موٹروے پر ہکلہ انٹر چینج کے قریب جمع ہو کر اسلام آباد جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی اصلیت قوم کے سامنے ہیں وہ اپنی کرسی بچانے کے لئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ عدم اعتماد کو ہر صورت میں کامیاب بنائیں گے۔متحدہ اپوزیشن کو قومی اسمبلی میں 190سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔وزیر اعظم پر عدم اعتماد کے بعد قومی اسمبلی کے سپیکر،ڈپٹی سپیکر اور پنجاب میں عدم اعتماد کی تحاریک لائیں گے اور عمران خان اور انکے حواریوں کو گھر بھیج کر رہیں گے۔عمران خان کی نااہلی کے باعث ملکی معیشت اس حد تک گر چکی ہے کہ اب اس کو سنبھالنے کے لئے وقت درکار ہوگا۔انہوں نے کہاکہ عوام پر ٹیکسوں میں اضافے اور ریکارڈ قرضے لینے کے باوجود بھی ملکی معیشت خراب ہے۔ مہنگائی او ربے روزگار کی وجہ سے عوام فاقوں پر مجبور ہیں۔آصف اقبال داؤد زئی نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام کے کارکن ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔قائد جمعیت کے حکم پر صرف1گھنٹے میں پورے ملک کو جام کر دیا گیا۔انہوں نے لانگ مارچ کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا کہ لانگ مارچ میں شرکت کے لئے صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے قافلے 25مارچ کو نماز جمعہ کے بعد روانہ ہونگے۔انتظامیہ سے کہتاہوں کہ ہمارے راستوں میں رکاوٹیں نہ ڈالے۔جمعیت علماء اسلام کے کارکن پر امن لوگ ہے لیکن اگر انتظامیہ نے کسی بھی قسم کا دباؤ ڈالا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیاجائے گا۔مولانا محمد قاسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیت علماء اسلام روز اول سے ہی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے کوشاں ہیں۔ضلع مردان سے ایک لانگ مارچ میں ایک لاکھ کے قریب افراد شرکت کریں گے۔ہر یونین کونسل سے کم از کم 10 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ ضلعی دفتر کے سامنے جمع ہوگا جبکہ قافلوں کی حفاظت کے لئے انصار الاسلام کے دستے تعینات کئے جائیں گے۔بلدیاتی انتخابات میں عوام نے جمعیت علماء اسلام پر جو اعتماد کیا ہے اسے ہر حال میں برقرار رکھیں گے۔عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔صوبائی حکومت فوری طور پر بلدیاتی اداروں کو اختیار منتقل کردیں بصورت دیگر صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔اجلاس سے ضلعی ناظم عمومی مولانا امانت شاہ حقانی،مفتی سلیم حلیمی،مولانا قیصر الدین،تحصیل کاٹلنگ کے چیئرمین مفتی حماد اللہ،تحصیل تخت بھائی کے چیئرمین حافظ محمد سعید،تحصیل رستم کے چیئرمین مولانا مبار ک احمد،سابق ایم پی اے عبید اللہ خان مایاراور حاجی خالد آفریدی نے بھی خطاب کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں