0

شاہ زین بگٹی کا حکومت سے علیحدگی کا اعلان

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) جمہوری وطن پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور بلوچستان شاہ زین بگٹی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا،پی ڈی ایم میں شمولیت اختیار کر لی۔اسلام آباد میں شاہ زین بگٹی نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ   میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے پاکستان کی قوم سے سوائے وعدوں کے کچھ نہیں کیا، جس طرح یہ اپوزیشن پر تنقید کررہے ہیں یہ سیاسی اخلاقیات سے باہر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ ساڑھے 3 سال چلے، ہم نے بڑی کوششیں کیں کہ کچھ بہتری آسکے، کئی بار ان کے پاس گئے، ہمیں مینڈیٹ دیا گیا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان اور بہتری آئے، ہمیں جو ذمہ داری دی گئی تھی اس کے لیے ہم نے بڑی کوشش کی لیکن ہم حکومت اپنی جانب سے کچھ نہ ڈلیور کرسکی۔انہوں نے کہا کہ ہم سے لاپتا افراد کی واپسی اور بلوچستان میں امن و امان کے حوالے سے وعدے  کئے گئے لیکن ہمیں محض دلاسے دیئے گئے جس سے بلوچستان کے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو یہاں آئے، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اور ملکی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیڈرل گورنمنٹ کی کابینہ سے استعفیٰ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستانی قوم کی بہتری کے لیے جو کچھ کرسکیں گے وہ کریں گے۔اس موقع پر بلاول بھٹو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بگٹی صاحب کے بہت شکرگزارہیں، ایسے وقت میں یہ ایک بہترین فیصلہ ہے جب ملک دوراہے پر کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ 3 سال میں بگٹی صاحب نے اپنے طور پر بلوچستان کے عوام کے لیے بھرپور کوشش کی، لیکن وزیراعظم اور ان کی حکومت نے اپنے ان اتحادیوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جو انہوں نے اپوزیشن اور پاکستانی عوام کے ساتھ کیا۔واضح رہے کہ 2018 میں جمہوری وطن پارٹی(جے ڈبلیو پی) کے صدر اور این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے شاہ زین بگٹی نے حکومت سازی کے لیے عمران خان کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔گذشتہ سال بلوچستان میں مستقل امن اور ترقی کے لیے ناراض بلوچوں سے بات چیت کرنے کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے شاہ زین بگٹی کو صوبے میں مفاہمت اور ہم آہنگی کے لیے اپنا معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں