0

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات، لڑائی جھگڑے کے واقعات،پولنگ سٹیشن پردھاوا،متعدد زخمی

 کوئٹہ (مانند نیوز ڈیسک) بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کے دوران سبی،چمن اور نصیرآباد کے پولنگ سٹیشنوں پر لڑائی جھگڑے کے واقعات ہوئے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پولنگ کے دوران سبی کی یونین کونسل مل چاچڑ کے وارڈ نمبر 4 میں دو گروپوں میں تصادم ہوا۔ جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے۔ جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ تصادم کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ۔پولنگ کے دوران جھگڑے کا ایک اور واقعہ چمن کی میونسپل کارپوریشن وارڈ نمبر 8 میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر پیش آیا۔بیلٹ پیپرز کی کاپی باہر نکالنے پر پریذائیڈنگ افسر کے ساتھ پولنگ ایجنٹس لڑ پڑیں اور امیدواروں کے حامی بڑی تعداد میں پولنگ سٹیشن پہنچ گئے۔امیدواروں کے 50 سے زائد حامیوں نے پولنگ سٹیشن پر دھاوا بول دیا اور پولنگ سٹیشن میدان جنگ بن گیا۔ امیدواروں کے حامیوں نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ تصادم کے دوران پولنگ سٹیشن کی کھڑکیاں، شیشے اور دروازے ٹوٹ گئے۔بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں نصیرآباد میونسپل کمیٹی وارڈ نمبر پچیس میں پولنگ کے دوران دو گروپوں میں تصادم سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ لڑائی کے دوران ووٹنگ کو کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا، جبکہ فائرنگ سے زخمی افراد کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتا ل منتقل کردیا گیا۔ دونوں جانب سے مشتعل افراد نے ڈنڈوں کا بھی استعمال کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں