0

دریاؤں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائیں گے ، کمشنر ملاکنڈ

سوات (مانند نیوز ڈیسک) دریائے سوات و پنجکوڑہ کے قدرتی ساخت کو بحال کرنے اور دریاؤں کے اردگرد تجاوزات و غیر قانونی سرگرمیوں کے سدباب کے لئے اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کی۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن ذیشان اصغر بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں دیر، ملاکنڈ، شانگلہ اور سوات کے ڈپٹی کمشنرز، محکمہ آبپاشی، معدنیات، انڈسٹری اور ادارہ تحفظ ماحولیات کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کو متعلقہ حکام کی جانب سے دریاؤں کے قدرتی ساخت کی بحالی و تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اقدامات اٹھاتے ہوئے دریاؤں کے حدود میں ہر قسم کی سرگرمیوں پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے اور غیر قانونی کھدائی، کرشنگ پلانٹس اورماربل فیکٹریوں کے خلاف بھرپور  اقدامات کئے گئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں غیر قانونی کرشنگ پلانٹس و ماربل فیکٹریوں کو سیل کیا گیا تھا جبکہ دوسرے مرحلے میں ضلع دیر لوئر، ملاکنڈ اور سوات میں ہر قسم کے کرشنگ پلانٹس کو دریاؤں کے حدود سے ختم کرنے پر کام کا آغاز کیا جاچکا ہے جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے ضلعی انتظامیہ اور ضلعی محکموں کو ہدایت کی کہ بلاخوف و تفریق کروائی عمل میں لائیں اور غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں کسی کو بھی رعایت نہ دی جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے متعلقہ اضلاع کے انتظامیہ کو ضلعی محکموں کو بھرپور تعاون فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے اور کہنا تھا کہ قدرتی ماحول کی حفاظت سے ہی ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دریا نہ صرف قدرتی ماحول کا اہم جزو ہیں بلکہ تہذیب و تمدن کا مرکز بھی ہیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں