0

روڈ ٹو مکہ 2022،لاہور اور اسلام آباد سے 520 عازمین حج روانہ

لاہور (مانند نیوز ڈیسک) روڈ ٹو مکہ 2022 کے تحت لاہور اور اسلام آباد سے 520 عازمین حج روانہ ہوگئے، لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر حجاج کو الوداع کہنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن مہمان خصوصی تھے۔ترجمان سول ایویشن کے مطابق لاہور کی تقریب میں مذہبی امور، سول ایویشن، ایئر بلیو اور ایئرپورٹ سیکیورٹی کے حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر ایئر پورٹ منیجر نذیر احمد خان نے عازمین حجاج کرام کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ سول ایوی ایشن حجاج کرام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال لاہور ایئر پورٹ بھی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل ہوگا۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ حجاج کرام خوش قسمت ہیں کہ انہیں حج کی سعادت نصیب ہو رہی ہے، انہوں نے حجاج کرام سے کہا کہ مقدس مقامات کا بے حد احترام ملحوظ خاص رکھیں۔بلیغ الرحمن نے عازمین حج سے کہا کہ وہ حجاز مقدس میں اپنے وطن کی سلامتی اور ترقی کے لئے دعا بھی کریں۔اس موقع پر گورنر نے عازمین حج کو ہار پہنائے اور مبارک باد دی، بعدازاں ایئر بلیو کی فلائٹ پی اے 476 دو سو عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئی۔دوسری جانب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھی پہلی حج پرواز روانہ ہوگئی، قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 747میں 320عازمین حج مدینہ کے لئے روانہ ہوئے ہیں۔حجاج کرام کے داخلے کے لئے علیحدہ گیٹ مختص کیا گیا اور ان کی سہولت کے لئے اسپیشل امیگریشن کاونٹرز قائم کئے گئے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں