0

پیرا میڈیکس اسوسی ایشن نے ڈی جی ہیلتھ کے دفتر کے باہر دھرنے میں بھر پور شرکت کا اعلان کر دیا

ہنگو (مانند نیوز ڈیسک) پیرا میڈیکس اسوسی ایشن نے ڈی جی ہیلتھ کے دفتر کے باہر ہونے والے دھرنے میں بھر پور شرکت کا اعلان کر دیا۔ ضالمانہ بل جو اسمبلی میں پیش کیا گیا اسے سختی سے مسترد کرتے ہیں، ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنگو نا اہل انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا۔ ہسپتال سے ٹیکنیشن کے موٹر سائیکل کو چوری کیا گیا، کیمرے کیوں بند تھے؟، گرینڈ ہیلتھ الائنس پیرا میڈیکس کے حقوق کے لئے ہر فورم پر احتجاج کرتے رہیں گے۔ شہید فرید خان ہسپتال ہنگو میں 6 جون کو تاریخی احتجاج کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پیرا میڈیکس ایسو سی ایشن ضلع ہنگو کے صدر حاجی لقمان اورکزئی اور جنرل سیکرٹری حاجی عبد الرحمان نے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیرا میڈیکس ایسوسی ایشن ضلع ہنگو کا اجلاس ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ہوا جس میں ضلع صدر حاجی لقمان گل اورکزئی، جنرل سیکرٹری حاجی عبد الرحمان، سنئیر نائب صدر اسلام بادشاہ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حاجی سجاد محمد، فنانس سیکرٹری خالد اورکزئی، نائب صدر انور شمیم، نائب صدر دوم عبد المتین، جائنٹ سیکرٹری حاجی مصور اور ضلع بھر سے پیرا میڈیکس نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی جی ہیلتھ خیبر پختونخواہ کے دفتر کے باہر پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تاریخی دھرنا دیا جائے گا جس میں ضلع ہنگو کے پیرا میڈیکس بھر پور شرکت کریان گے۔صوبائی اسمبلی نے جو ظالمانہ پیرا میڈیکس کے متعلق قانون سازی کی ہے اسے سختی سے مسترد کرتے ہیں، اور 8 تاریخ کو  صوبائی بجٹ اجلاس کے موقع پر اسمبلی کے باہر بھر پور احتجاج کریں گے۔ اس کے علاوہ 6 جون کو شہید فرید خان ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو میں پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بھر پور مظاہرہ کیا جائے گا جس میں ڈاکٹرز، نرسز ہسپتال کا تمام عملہ اور پیرا میڈیکس بھر پور انداز میں شرکت کریں گے۔ س حاجی لقمان گل اورکزئی و دیگر نے خطاب میں کہا کہ شہید فرید خان ہسپتال مسائلستان میں تبدیل ہو چکا ہے، نا اہل لوگوں کو ہسپتال کے انتظامیہ کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے، لمحہ فکریہ ہے کہ ڈینٹل ٹیکنیشن ولی اللہ کا ہسپتال سے دن دھاڑے موٹر سائیکل چوری کیا گیا اور تمام سی سی ٹی وی کیمرے بند تھے اس معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیرا میڈیکس کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں