0

سکول منصوبوں میں غیر معیاری ترقیاتی کاموں کی شکایات، کمشنر ملاکنڈ کا نوٹس

سوات (مانند نیوز ڈیسک) ملاکنڈ ڈویژن میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی زیرِ صدارت کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز برائے میل و فیمیل سمیت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور اضلاع میں ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ پیش کیا۔ اجلاس میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کو نئے منظور شدہ پرائمری، سیکنڈری و ہائیر سیکنڈری سکولوں کی تعمیر، زلزلے اور سیلاب سے متاثرہ باقی ماندہ سکولوں کی دوبارہ آبادکاری، سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، تزئین و آرائش، صفائی، تعلیمی ماحول کی بہتری، اضلاع میں محکمہ تعلیم کے دفاتر میں بجٹ، سٹاف و دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے بعض منصوبوں میں غیر معیاری ترقیاتی کاموں کی شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں سخت کارروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی کہ ایسے منصوبے جو نامکمل اور غیر معیاری ہوں ہرگز قبول نہ کئے جائیں اور ایسے معاملات محکمہ انسدادِ کرپشن کو بھیجی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکولوں کی تعمیر میں غیر معیاری کام کسی صورت قبول نہیں۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے محکمہ تعلیم کو سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لئے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ضم ں شدہ ضلع باجوڑ اور نئے ضلع چترال اپر میں تعلیمی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے محکمہ تعلیم کو ان اضلاع پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو سکولوں کے باقاعدہ انسپکشن کرنے اور صفائی صورت حال پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں بعض سکولوں میں بجلی کھمبوں کی موجودگی اور اس ضمن میں لاحق خطرات کو بھی زیر بحث لایا گیا جس پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے معاملہ پیسکو اور واپڈا حکام کے ساتھ ملکر حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام وسائل ایمانداری سے بروئے کار لائے جائیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں