0

معمول سے زائد بارشوں کی پیشگوئی، وزیراعظم کی فوری اقدامات کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) شدید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر وزیراعظم نے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔ وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے جون کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی پر فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئیں۔وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں، محکموں کو صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں، زیادہ بارشوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں ابھی سے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور پیشگی حفاظتی انتظامات، امدادی سازوسامان کی دستیابی کے لئے بروقت اقدامات کئے جائیں۔وزیراعظم نے زرعی علاقوں میں فصلوں، مویشیوں کی حفاظت اور نقصانات سے بچنے کی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو بروقت خبردار کیاجائے، محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ نکاسی آب، نالوں اور آبی گزرگاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور سپرے کے انتظامات کئے جائیں۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں