0

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کا سوات کا مختصر دورہ

سوات (مانند نیوز ڈیسک) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سوات کا ایک روزہ مختصر دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کے ہمراہ کمشنر افس سیدو شریف میں نئے تجدید شدہ آفس کا افتتاح کیا۔ کمشنر آفس سیدو شریف آمد پر انہیں ڈویژنل امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر آفس پہنچنے پر سوات لیویز کے چاقو و چوبند دستے نے چیف سیکرٹری کو سلامی پیش کی۔ ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، دیر اپر و لوئر کے ڈپٹی کمشنرز نے چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کو اضلاع میں مختلف امور پر فرداً فرداً بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران سوات اور شانگلہ کے جنگلات میں جابجا آگ لگنے کے واقعات، بونیر میں ماربل فیکٹریوں اور ماحولیات سے متعلق امور،سیاحت اور دیگر انتظامی معاملات سے متعلق امور پر تفصیلی بحث کی گئی۔شانگلہ اور سوات کے ڈپٹی کمشنرز نے مشکل پہاڑی سلسلوں میں آگ بجھانے اور دیگر ریسکیو اقدامات اور لائحہ عمل پرچیف سیکرٹری کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کا کہنا تھا جنگلات میں پے درپے آگ بھڑکنے کے واقعات کا باریک بینی سے تجزیہ کرنا ہوگا اور اس سلسلے میں مستقبل کے لئے حکمتِ عملی ترتیب دینی ہوگی۔ چیف سیکرٹری نے آگ بجھانے کے لئے کئے گئے اقدامات پر ضلعی انتظامیہ، دیگر محکموں اور عوامی سپورٹ کو سراہا۔ انہوں نے بعض جگہوں پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیا ع ا ور ریسکیو اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر بونیر نے چیف سیکرٹری کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال پر انہیں ضلع میں موجود ماربل فیکٹریوں اور اسکے ماحول پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے بریف کیا۔ بریفنگ کے دوران چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کو ضلع سوات اور شانگلہ میں سیاحت سے متعلق امور اور مسائل پر بھی بریف کیا گیا۔ سیاحت کے فروغ کے لئے ریسٹ ہاؤسس کو محکمہ سیاحت کے سپرد کرنے کے بعد سے اب تک کی پیشرفت پر بھی چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا گیا۔ آؤٹ سورسنگ کو ایک بہترین حکمت عملی گردانتے ہوئے چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ سرکاری ریسٹ ہاؤسس کے بہترین استعمال اور انہیں منافع بخش بنانے کے لئے دیگر ماڈلز پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنرز نے پی ٹی ڈی سی ہوٹلز و موٹلز کو صوبے کے حوالے کرنے کے بعد کی صورتحال پر بھی چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے اضلاع کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ بہترین نتائج کے لئے احتساب کے عمل کو مزید تقویت دینی ہوگی۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں