0

افغانستان میں 6.1شدت کا خوفناک زلزلہ، 280 افراد جاں بحق

کابل (مانند نیوز ڈیسک) مشرقی افغانستان میں 6.1شدت کے خوفناک زلزلے نے تباہی مچادی، پکتیا اور خوست میں زلزلے کے باعث280 افرادجاں بحق اور500 سے زائد زخمی ہو گئے، جبکہ سینکڑوں گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے،زلزلے کی شدت پاکستان اور بھارت میں بھی محسوس کی گئی۔افغان طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کابل سمیت افغانستان کے مختلف حصوں میں رات گئے6.1شدت کا زلزلہ آیا، پکتیا اور خوست سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق280 افراد جاں بحق اور500سے زائد زخمی ہوئے جبکہ سینکڑوں گھر بری طرح متاثر ہوئے۔ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ ننگرہار، لغمان،غزنی، میدان وردک، لوگر،خوست میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کے نتیجے میں اب بھی کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں متاثرہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے 500 کلو میٹر سے زائد علاقوں میں محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں پاکستان اور بھارت کے کئی علاقوں میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا جبکہ دارالحکومت کابل میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1تھی اور زلزلے کا مرکز خوست شہر سے 27 میل دور تھا،زیر زمین اس کی گہرائی 51کلو میٹر تھی جب کہ زلزلہ رات گئے محسوس کیا گیا۔ افغان حکام کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی ٹیموں کو بھیجا گیا ہے۔اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور پشاور سمیت شمالی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9، گہرائی 40 کلو میٹر تھی، جب کہ زلزلے کا مرکز وسطی افغانستان تھا۔شہریوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 30 سے 40 سیکنڈز تک محسوس کیے گئے، تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔واضح رہے کہ چند روز کے دوران پاکستان میں شدید زلزلے کا دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل جمعے کو بھی وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں  شدت کا زلزلہ آیا تھاجس نے خوف وہراس پھیلا دیا تھا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں