0

چیئرمین یو بی جی شہزاد علی ملک کی مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات

اسلام آباد (مانند نیوزڈیسک) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے منگل کو لندن میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ شہزاد علی ملک اپنے صاحبزادے، لاہور چیمبر کے ممبر ایگزیکٹو کمیٹی مومن علی ملک کے ہمراہ نواز شریف کی خیریت دریافت کی اور ان سے مخلوط حکومت کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ نواز شریف نے شہزاد علی ملک کو بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے جیسے اقدامات بہت پریشان کن ہیں مگر ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے کوئی دوسرا آپشن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا17 – 2013کا دور اس حوالے سے بہترین تھا کہ اس وقت پاکستانی عوام کے لیے مہنگائی کم ترین سطح پر تھی۔ نواز شریف اور شہزاد علی ملک دونوں نے اسحاق ڈار کی معاشی دانشمندی کی تعریف کی اور شہزاد علی ملک نے کہا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اسحاق ڈار کو وطن واپس آنا چاہیے۔شہزاد علی ملک نے سابق وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ صحت یاب ہونے کے بعد پاکستان واپس آئیں اور سیاست اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ اپنی واپسی کے حوالے سے نواز شریف نے کہا کہ ان کا علاج جاری ہے اور جب وہ صحت یاب ہو گئے اور ڈاکٹروں نے انہیں اجازت دے دی تو وہ فوری طور پر پاکستان واپس چلے جائیں گے۔ نواز شریف نے مومن علی ملک سے کہا کہ وہ ہمیشہ نوجوان تعلیم یافتہ کاروباری افراد خصوصاً خواتین کو بہت اہمیت دیتے ہیں تاکہ وہ برآمدات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے پاکستان میں پہلی بار پرائیویٹ سیکٹر میں حکومتی مدد کے بغیر چاول کے بہترین ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج تیار کرنے پر گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ سروسز کو سراہا۔ انہوں نے شہزاد ملک سے، جو پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین بھی ہیں، کہا کہ چاول اور مکئی کے کاشتکاروں میں تین گنا زیادہ منافع کے ساتھ بمپر فصلوں کے لیے جدید ترین ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج استعمال کرنے کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں