0

ضلع بونیر کا تحصیلوں مندنڑ اور خدوخیل میں سروس ڈیلیوری سنٹرز کا افتتاح

بونیر (مانند نیوز ڈیسک) ضلع بونیر کی تحصیلوں مندنڑ اور خدوخیل میں سروس ڈیلیوری سنٹرز کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاح معاون خصوصی برائے ریونیو اینڈ سٹیٹ تاج محمد خان اور مشیر برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان نے مشترکہ طور پر کیا۔ افتتاح کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کامران خان، ضلعی انتظامیہ، ریونیو کے افسران, پروجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب میں علاقہ عمائدین اور عوام نے بھی شرکت کی۔ افتتاح کے بعد صوبائی مشیر برائے ریونیو اینڈ سٹیٹ کو سروس ڈیلیوری سنٹر کا دورہ کرایا گیا اور بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن بونیر شفیق خان نے سروس سنٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی۔ معاون خصوصی تاج محمد خان نے سروس سنٹر کی بروقت تعمیر اور فعال کرنے پر ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے معاون خصوصی تاج محمد خان نے خواتین کی سہولت کے لئے خواتین سٹاف بھرتی کرنے اور عوام کی سہولت کے لئے سنٹر کے قریب بینک برانچ کھولنے کے لئے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے۔ علاقہ عمائدین سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ انتقال اراضی سے متعلق پٹوار کے پیچیدہ نظام کو سہل اور شفاف بنانے کے لئے سروس ڈیلیوری سنٹرز قائم کئے جارہے ہیں جس سے خدمات ایک کلک پر ایک چھت تلے بروقت دستیاب ہوں گے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ گوڈ گورننس پالیسی کے تحت خدمات کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کررہے ہیں، نئے سسٹم کا مقصد لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ریونیو محکمہ سے متعلق زیادہ عوامی شکایات تھیں جبکہ 2013 سے اداروں میں اصلاحات کا جو سلسلہ شروع کیا گیا اس سے اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اس سلسلے میں مزید اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ضلع بونیر میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن میں 100 فیصد پیشرفت کو ضلع کے لئے ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں