0

سید محمد اشتیاق ارمڑ کا تمام اہل وطن کو یوم آزادی کا مبارک باد

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے تمام اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد ی ایک عظیم نعمت ہے اور ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے،آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ وطن عزیز کی عزت و وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے،انہوں نے کہا کہ ملک کا معاشی استحکام اور امن و سلامتی پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 75ویں یوم آزادی کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنے آباؤاجداد کی لازوال و بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،آزاد پاکستان ان عظیم لوگوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، وطن عزیز کی خاطر شہید ہونے والوں کے خون کا قطرہ قطرہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے لئے بروئے کار لائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت  میں مجھے محکمہ جنگلات و ماحولیات کے فرائض کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں،یہ شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آئندہ نسلوں کی بقا اور وطن کی خوشحالی و معاشی استحکام اس سے وابستہ ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان دونوں جنگلات کے فروغ کے لئے شجرکاری مہم میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ محکمہ جنگلات دیگر محکموں اور اداروں کی طرح امسال جشن یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے دیگر امور کے ساتھ ساتھ صوبے کے تمام بشمول ضم شدہ اضلاع کے لوگوں میں مفت پودے تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ تکنیکی مہارت فراہم کر رہا ہے تاکہ ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں