0

جمہوریت ہمیشہ شب خون کے بعد نئے جذبے سے واپس آئی،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں 75سال کے دوران جب، جب جمہوری دور ہوا اس کے فوائد اورثمرات پاکستان کی عوام کو ملے۔قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا ہے کہ اس ملک اور مٹی کا مستقبل جمہوریت میں ہے، جب، جب جمہوریت اور جمہور کے اوپر شب خون مارا گیا اور بھی زیادہ طاقت اور جذبہ سے جمہوریت پاکستان کے اندر لوٹی۔ 1973کا متفقہ آئین ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنے کا درس دیتا ہے اور حکم دیتا ہے۔ جب ملک میں جمہوری وزیر اعظم تھا تو پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا گیا اور آئین دیا گیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو1973  کا آئین دیا، نواز شریف نے وفاق کی اکائیوں کوآپس میں جوڑا، پاکستان کو پہلا موٹروے دیا، جو ایٹمی پروگرام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے شروع کیا، وزیر اعظم نوا زشریف نے ہر دباؤ کے باوجود ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان، تمام سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے ڈی چوک اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پاکستان کے75ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی پینٹنگ کی تقریب میں شرکت کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج ہم سب لوگ یہاں پاکستان کی 75سالہ ڈائمنڈ جوبلی منانے جمع ہوئے ہیں، ڈی چوک ہمیشہ احتجاج کے لئے استعمال ہوا ہے لیکن آج پورے پاکستان کی پولیس کے ساتھ، نوجوانوں کے ساتھ، پارلیمان کے ساتھ، عدلیہ کے ساتھ، وزیر اعظم ہاؤس کے ساتھ، ایوان صدر کے ساتھ، آج پاکستان کے نوجوان اور بچے ڈی چوک پر پورے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی منانے اور پاکستان کا جھنڈا بنانے کے لئے اکٹھے ہوئے، میں سب کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، باالخصوص وزارت داخلہ، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، آئی جی اسلام آباد پولیس اور پورے پاکستان کے صوبوں کو جنہوں نے اپنے پولیس کے جوان مارچ پاسٹ سلامی کے لئے یہاں بھیجے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ یہ موقع ہے کہ ہم اپنے پولیس کے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں، آج پورے پاکستان کی پولیس شاہراہ دستور کے اوپر پاکستان کی 75سالہ ڈائمنڈ جوبلی منانے کے لئے اکٹھی ہوئی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کا نوجوان بچہ پاکستان کے لئے مرمٹنے کو تیار ہے اور یہی جذبہ 1947میں تھا جب علامہ اقبال کا خواب پورا ہوا اور قائد اعظم محمد علی جناح نے جمہوری جدوجہد اور ووٹ کے ذریعے پاکستا ن بنایا۔ آج بھی پاکستان کا نوجوان جو65فیصد آبادی پر مشتمل ہے وہ اپنی آزادی کے لئے اور آزادی دلانے والوں کے لئے اور75سال میں ملک کی محافظ مسلح افواج،پاکستان پولیس جو دن رات پاکستان کی سرحدوں کے اوپر پاکستان کی حفاظت کرتی ہیں۔ وہ پولیس جو ہماری حفاظت کے لئے دن رات ڈیوٹی پر ہوتی ہے۔وزیر اعظم شہبازشریف نے ملک کو ماس ٹرانزٹ کا تحفہ دیا اور پنجاب کو تمام صوبائی اکائیوں کے ساتھ جوڑا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج 14اگست کو وزیر اعظم لیاقت علی خان کے بعد وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف 1954کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ ری ریکارڈڈنیشنل اینتھیم کا اجراء کریں گے اوراس کو لانچ کریں گے۔ ملک کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر ہم ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس جمہوری عمل میں ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی اپنے گھروں پر سبز ہلالی لہرائیں اورپوری دنیا کو دکھا دیں کہ پاکستانی پاکستان کے لئے اپنی جان دینے اور جان قربان کرنے کو تیار ہیں اور نفرت اور تقسیم اور جو فساد پھیلانے کی کوشش ہے ہم اس کو ناکام بناتے ہیں۔ نوجوان ایک آواز ہو کربتائیں کہ ہم پاکستانی ہیں اور ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور ہم ملک میں امن اور محبت چاہتے ہیں۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں