0

قائمقام گورنر خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی کا 75ویں یوم آزادی(ڈائمنڈ جوبلی) پر پیغام

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) 75 ویں یوم آزادی پاکستان پر پوری قوم بالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمیں اپنے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے بتائے گئے اصولوں پر عمل کرناہوگا اور اس ڈائمنڈ جوبلی کو یاد گار بناتے ہوئے عہدکرناہوگا کہ پاکستان کو دنیاکا سب سے پرامن، مستحکم اور خوشحال ملک بنائیں گے۔ ہمارے اباواجداد کی کاوشوں اور قربانیوں کی بدولت آج کے دن 1947 میں اللہ تعالی نے ہمیں پاکستان کی شکل میں ایک آزاد خودمختار ریاست کاتحفہ دیاجس پر ہمیں اللہ تعالی کا شکراداکرناچاہئیے۔آج ملک بھر میں آزادی کی 75ویں سالگرہ ڈائمنڈجوبلی کی پروقار اور شاندار تقریبات جاری ہیں اور پوری قوم آزادی کی حقیقی خوشی کا جشن منارہی ہے جوکہ انتہائی خوشی اور اطمینان کا باعث ہے۔آزادی کے دن سے لیکر آج تک مملکت خداداد پر جتنے بھی مشکل حالات آئے پوری قوم نے متحد ہو کر ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انشاء اللہ مستقبل میں بھی اپنی پیاری سرزمین سے محبت کے جذبہ کے تحت ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی ہرچیلنج کا بھرپورمقابلہ کریں گے اور ملک کی سلامتی،خودمختاری اور سبزہلالی پرچم کی سربلندی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا۔بحیثیت پاکستانی قوم ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحادواتفاق پیدا کرناہوگااور ملک دشمن طاقتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بناناہوگا۔ آزادی اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئیے، ہمیں ذاتی، گروہی اور تفرقہ بازی سے بالاتر ہوکر یکسوئی، ہم آہنگی اور اتحاد کے ساتھ آگے بڑھناہوگا۔ مملکت خداداد پاکستان ہمارے اکابرین کی جدوجہد وقربانیوں کانتیجہ ہے جس کی حفاظت بحیثیت مسلمان و پاکستانی قوم ہم سب نے متحد ہوکرکرنی ہے۔پاکستان کو جس مقصد کیلئے حاصل کیا گیاتھا اس مقصد کے حصول کیلئے شب و روز محنت کرنی ہوگی اور اقوام عالم کی ترقیافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے اوردنیامیں پاکستان کا نام سرخرو کرنے کیلئے ہرطبقہ فکر اوربالخصوص نوجوانوں کو اپناکردار ادا کرناہوگا اور یہی اپنے اباواجداد،اکابرین اورجدوجہدآزادی کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کابہترین طریقہ بھی ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں