0

پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے قوم کو متحد ہوکرمثبت کردار ادا کرنا ہوگا،بلاول

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کے لئے پوری قوم کو متحد ہوکر اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان آج بھی کشمیریوں اور فلسطینیوں سمیت دنیا بھر کے مظلوم عوام کے لیے امید کا نام ہے۔ ہمیں اپنی اندرونی کمزوریوں کو دور کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار اور طاقت کو مزید تقویت دینے کے لئے کام کرنا ہوگا۔پاکستان عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ان خیالات کااظہار بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کے روز قوم کو 75 ویں یومِ آزادی کی مبارک باددیتے ہوئے اپنے پیغام میں کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقا کی وطنِ عزیز کے قیام کے لئے جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق پاکستان کو مساوات پر مبنی ایک رول ماڈل مسلم ریاست بنانے کے لئے ہر پاکستانی کو اپنا اپنا کردار نبھانا ہوگا۔میں اپنے آباؤاجداد کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے جدوجہد آزاد ی میں لازوال قربانیاں پیش کیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آج اندرونی و بیرونی طور جتنے چیلنجز کا سامنا ہے، ماضی میں کبھی نہیں رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بطور قوم گزشتہ75سالوں میں بہت سی مشکلات کاسامنا کیا ہے، پاکستان نے اندورنی اور بیرونی محاذوں پر مشکلات کا سامنا کیا ہے لیکن ہم نے ہمیشہ ان مشکلات پر اپنی استقامت اور کوششوں سے قابو پایا ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا وزارت خارجہ نے ملک کی آزادی کے تحفظ کے حوالہ سے اہم کردار ادا کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ قائد اعظم محمد علی جناح کی جانب سے خارجہ پالیسی کے بیان کردہ مقاصد پر عمل پیرا ہے۔ آج جب عالمی سطح پر جنگیں بیانیوں اور تاثربنیاد پر لڑی جارہی ہیں تو وزارت خارجہ ملک کے لئے پہلی دفاعی لائن کے طور پراپنا کردار اداکرتی ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نئی دنیا کی حقیقتوں سے آگاہ ہیں اور ان سے ہم نے احتیاط اوروسیع النظری کے ساتھ نمٹنا ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں