0

سندھ، بلوچستان میں تباہی سے نمٹنے کیلئے قومی جذبہ دکھانا ہوگا،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں غیرمعمولی تباہی سے نمٹنے کے لیے قومی جذبہ دکھانا ہوگا۔ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ متاثرین سیلاب کے لیے قوم خصوصا بیرون ملک پاکستانیوں کے عطیات کی ضرورت ہے،سندھ اور بلوچستان میں غیرمعمولی تباہی سے نمٹنے کے لیے قومی جذبہ دکھانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بہت بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کی وجہ سے خطیر رقم درکار ہوگی، وفاقی حکومت، صوبوں سے مل کر بھرپور کوششیں کر رہی ہے، وسائل کو موبلائز کیا جا رہا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ تیز بارشوں اور شدید سیلابی ریلوں سے ریلیف کے کاموں میں مشکلات آرہی ہیں، عوام کی مدد سے متاثرین کا ریسکیو اور ریلیف کا عمل تیز بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم فنڈ ریلیف اکاؤنٹ 2022 میں عطیات جمع کرانے کی تفصیلات جاری کی جاچکی ہیں، عطیات(وزیراعظم ریلیف فنڈ اکاؤنٹ 2022 اکاؤنٹ نمبر G-12164) اکا ؤنٹ میں جمع کرائیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مصیبت میں گھرے اہل وطن ہماری مدد کے منتظر ہیں، آئیں ہم سب ان کا سہارا بنیں، عطیات تمام کمرشل بینکوں میں نقد بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔واضح رہے کہ سندھ اور بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے نظام زندگی منجمد کر دیا ہے، اب تک 326 بچوں سمیت 903 افراد جاں بحق جبکہ 1200 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں