0

حکومتی مشینری سیلاب متاثرین کی خدمت میں مصروف عمل ہے، مکمل بحالی تک خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا، فضل حکیم خان یوسفزئی

سوات (مانند نیوز ڈیسک) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے جو اقدامات کررہے ہیں وہ دوسروں کے لئے بھی قابل تقلید ہیں، پیشگی اقدامات اور ریسکیو کے لئے جو خدمات خیبرپختونخوا میں کی گئی ہیں وہ ملک کے کسی اور متاثرہ علاقے میں نظر نہیں آتے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا ذاتی استعمال کی ہیلی متاثرین سیلاب کی سہولت کے لئے وقف کرنا اور پھر تمام متاثرہ اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کی خود نگرانی کرنا ایک بہترین لیڈرشپ کی نشانی ہے، صوبائی ہیلی سروس نے نہایت ہی مشکل موسمی حالات میں ریسکیو خدمات فراہم کی اس کے لئے ہیلی کریو و دیگر انتظامیہ بھی داد کے مستحق ہیں، ان کا کہنا ہے کہ صوبہ خصوصاً ضلع سوات و ملاکنڈ ڈویژن کی عوام اس خدمت پر ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں، فضل حکیم خان یوسفزئی نے ان خیالات کا اظہار کانجو میں سیدوشریف ائیرپورٹ پر ہیلی سروس کے ذریعے کالام سے سیدو شریف پہنچنے والے سیاحوں اور مقامی افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے سیدوشریف پہنچنے والے افراد سے صحت اور دیگر سہولیات سے متعلق دریافت کیا جس پر سیاحوں اور مقامی افراد نے صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ اس مشکل صورتحال میں ریسکیو کے لئے بہترین سروس فراہم کی گئی اور کالام میں رہائش کے دوران بھی بھرپور خیال رکھا گیا۔ چئیرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت اور مکمل حکومتی مشینری سیلاب متاثرین کی خدمت میں مصروف عمل ہے اور ریسکیو و ریلیف کے لئے تمام وسائل استعمال میں لائے جارہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ریلیف کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کی بحالی پر تیزی سے کام جاری ہے اور جلد ہی سوات کے مختلف منقطع علاقوں تک زمینی رابطے بحال ہوجائیں گے۔ ایم پی اے فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی ترجیح ہے اور اس سلسلے میں اسسمنٹ کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے احکامات کی روشنی میں متاثرین کی بہترین داد رسی کی جارہی ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں