0

سیلاب متاثرین کیلئے ترکیہ کی امداد اورتعاون کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں،شہبازشریف

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بروقت امداد اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ امدادی سامان لے کر ترکیہ سے ٹرینیں پاکستان روانہ ہو چکی ہیں۔ یہ اقدام دونوں ملکوں کے قریبی برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ 300بچوں سمیت ایک ہزار سے زائد افراد سیلاب کے نتیجہ میں جاں بحق ہو گئے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور وہ کھلے آسمان تلے راتیں گزاررہے ہیں جبکہ لاکھوں گھر، کھڑی فصلیں اور مویشی سیلاب میں بہہ گئے۔ میں نے زندگی میں ایسی قدرتی آفت سے تباہی نہیں دیکھی اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ ایسا دوبارہ کبھی نہ ہو۔ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعہ کے روز پاکستانی سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی کے لئے آئے ترکیہ کے اعلیٰ سطح کے  وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں حکومت پاکستان، پاکستانی عوام اور اپنی طرف سے وفد کی پاکستان آمد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کی جانب سے بروقت امداد دونوں ملکوں کے درمیان پائے جانے والے قریبی تعلقات،دوستی، بھائی چارے اور منفرد تعلق کااظہار ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ کے صدر اور میرے بھائی رجب طیب اردوان نے 27اگست کو مجھے فون کیا اور پاکستان میں سیلاب سے ہزاروں افراد، جن میں 300کے قریب بچے بھی شامل ہیں،کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور پاکستانی عوام کے لئے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ ہم ترکیہ کے عوام کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستانی عوام کی مدد کی ہے، ترکیہ کے نجی کاروباری حضرات اور دیگر دوست بہت سارا امدادی سامان پاکستان بھجوارہے ہیں، ہم اس بروقت امداد پر شکرگزار ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میری رجب طیب سے ٹیلی فونک بات چیت کے فوری بعد ترکیہ کے فوجی جہاز امدادی سامان لے کر پاکستان روانہ ہو گئے اور اب ترکیہ سے ٹرنیوں کے ذریعے بھی پاکستانی سیلاب متاثرین کے لئے امداد روانہ کی جارہی ہے جس کو ہم سراہتے ہیں۔ ہمیں ٹینٹس، ادویات، خوراک اور دیگر آئٹمز موصول ہوئے ہیں جو پاکستان کے مختلف حصوں میں تقسیم کئے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کلاؤڈ برسٹ اور شدیدطوفانی باشوں نے سب سے زیادہ سندھ کو متاثر کیا جبکہ بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر کے کچھ حصوں کو متاثر کیا۔ پاکستان میں ہونے والی حالیہ بارشیں گزشتہ 40برس کے دوران ملک میں ہونے والی سب سے بارشیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی رحمت اور ترکیہ کے لوگوں کے تعاون سے ہم اس قدرتی آفت سے ریکور کریں گے اور آگے بڑھیں گے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات مولانا عبد الواسع، وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں