0

ہمیں ذاتی پسند اور ناپسند سے بالاتر ہو کر قوم کی خدمت کرنی ہے،شہباز شریف

کچھی (مانند نیوز ڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی ذاتی پسند اور ناپسند سے بالاتر ہو کر دل وجان کے ساتھ قوم کی خدمت کرنی ہے اوراتفاق اور اتحاد کے ساتھ کام کرنا ہے،اسی طریقہ سے قوم بنے گی۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین این ایچ اے کیپٹن (ر) خرم آغا کی جانب سے بلوچستان کے ضلع کچھی میں پنجرہ پُل پر سیلاب متاثرہ روڈ وریلوے انفرااسٹرکچر کی بحالی کے حوالہ سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، جمعیت علماء اسلام (ف)کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس مشکل وقت میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں، پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، مال مویشی مر گئے، لوگ اللہ تعالیٰ کو پیارے ہو گئے، 1300لوگ چلے گئے، لاکھوں ایکٹر پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، پُل بہہ گئے، مال مویشی بہہ گئے، گھر تباہ ہو گئے۔ اس وقت سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، اس کے بعد بلوچستان متاثر ہوا ہے، خیبر پختونخوا متاثر ہوا ہے، جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تھوڑا سامتاثر ہوا ہے لیکن یہ پورے ملک میں تباہی پھیلی ہے۔ اس وقت چاہے کوئی انجینئر ہے، سیاستدان ہے،مزدور ہے،کوئی جرنیل ہے،یا کوئی سپاہی ہے، کوئی معمار ہے، پوری قوم اس وقت یک جان دو قالب ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ این ایچ اے کی ٹیم نے جو کام کیا ہے اس پر میں سلام پیش کرتا ہوں، وزیر اعلیٰ بلوچستان، سیکرٹری این ایچ اے اور تما م امن وامان قائم کرنے والے ادارے مل کر کام کررہے ہیں۔ یہ ایک بڑی روشن مثال ہے کہ کس طریقہ سے جب مشکل اور ابتلا کا وقت آتا ہے تو کس طرح ٹیم ورک ہوتا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے بحالی کے اقدامات میں سرگرم مزدوروں کے لئے 50لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی حصہ ڈالیں گے اور وزیر اعلیٰ، سیکرٹری این ایچ اے، چیف انجینئر اور چیف سیکرٹری مل کر یہ رقم تقسیم کریں گے تاکہ ایک مثال قائم ہو۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چند روزبعد دوبارہ اس علاقہ کا دورہ کریں گے اور سڑکوں کی بحالی کے کام کا جائزہ لیں گے اور مجھے امید ہے کہ اس وقت تک کام مکمل ہو چکا ہو گا۔ بی بی نانی پُل کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ ابھی ہم بی بی نانی پُل پر پہنچے جو کہ ضلع بولان میں واقع ہے، حالیہ بارشی ریلوں کے نتیجہ میں یہ پُل بہہ گیا تھا اور کوئٹہ سے سکھر تک ٹریفک بالکل بند ہو گئی۔ پُل کے دورنوں اطراف چھ ہزار افراد پھنس گئے تھے۔سیکرٹری این ایچ اے اور کامنڈانٹ فرنٹیئر کور اوران کے عملے، حکومت بلوچستان، ایف ڈبلیو اور اورافواج پاکستان کی مکمل کوآرڈنیشن کے ساتھ دن، رات کا م ہوا اور آٹھ گھنٹے میں یہ کام مکمل کیا گیا اور پُل کو بحال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں قوم کو بتانا چاہتاہوں کہ جب مصیبت کا وقت آتا ہے اوراس طرح کی گھڑی آتی ہے تو پھر پوری قوم اکٹھی ہو جاتی ہے، کوئی فرق نہیں ہوتا اور پھر سب مل کر دن رات کام کرتے ہیں، وسائل کو بروے کار لاتے ہیں اور قومیں اسی طرح مصیبت کے وقت اور امتحانوں سے نکلتی ہیں۔ جتنے بھی محنت کشوں اورمزدوروں نے یہاں پر کام کیا ہے ان کے لئے میں 30لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو بھی 20لاکھ روپے اپنی طرف سے دیں گے اور 50لاکھ روپے انعام ان لوگوں کو میرٹ کے اوپر دیا جائے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بی بی نانی پُل کے قریب ہی گیس پائپ لائن کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت کرنے والے مزدوروں کے لئے بھی 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی ذاتی پسند اور ناپسند سے بالاتر ہو کر دل وجان کے ساتھ قوم کی خدمت کرنی ہے اوراتفاق اور اتحاد کے ساتھ کام کرنا ہے،اسی طریقہ سے قوم بنے گی۔ 

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں