0

عالمی رہنماؤں نے پاکستان کی مددکا یقین دلایا ہے، شہباز شریف

 لندن (مانند نیوز ڈیسک) وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف نے کہاہے کہ عالمی رہنماؤں نے یقین دلایا ہے کہ پورے اخلاص کے ساتھ پاکستان کی مدد کی جائے گی، عالمی برادری اور پاکستانی اداروں کی کوششوں سے ہم انشا اللہ اس مشکل سے نکل آئیں گے۔شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاموں پر جائزے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیرِ اعظم لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم کو این ایف آرسی سی حکام نے سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت اہم رہنماوں سے ملاقاتیں ہوئیں، عالمی رہنماوں کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی رہنماوں کو حکومت کی امدادی کارروائیوں اور بحالی کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی رہنماوں نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی اور تعزیت کی، انہوں نے یقین دلایا کہ پورے اخلاص کے ساتھ پاکستان کی مدد کی جائے گی۔وزیرِ اعظم کا مزید کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یقین دلایا ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ڈونرز کانفرنس کرائی جائے گی، بل گیٹس سے ملاقات میں سیلاب زدہ علاقوں میں بچوں کی خوراک کے معاملات پر بات ہوئی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی برادری اور پاکستانی اداروں کی کوششوں سے ہم انشا اللہ اس مشکل سے نکل آئیں گے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں