ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈائریکٹر اطلاعات خیبرپختونخوا نورالہادی نے گزشتہ روز ریجنل انفارمیشن آفس ملاکنڈ کا دورہ کیا۔انہوں نے اپنے دورے کے دوران محکمہ اطلاعات کے ریجنل آفس سے متعلق امور کے بارے میں بریفنگ لی اوردفتر سے متعلق بعض ضروریا ت اور مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل آفس ملاکنڈ حسین احمد نے ڈائریکٹر اطلاعات کو بریفنگ دیتے ہوئے ریجنل آفس کی پیشہ ورانہ کارکردگی اورعلاقے میں صحافی برادری کی فلاح وبہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے انہیں آگاہ کیا۔اس موقع پر ایڈ منسٹر یٹیو آفیسر فرمان علی اور ریجنل آفس کا عملہ بھی موجود تھا۔ڈائریکٹر اطلاعات نورالہادی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات سے عوام کی بروقت آگاہی میں محکمہ اطلاعات کا ایک کلیدی کردار ہے اور یہی محکمہ حکومت اور عوام کے مابین فعال رابطہ کا ری اور اعتماد سازی کا اہم ذریعہ ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعات نے قدرتی آفات اور دیگر اہم مواقع میں عوام کی آگاہی،رابطے اوراعتماد سازی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ حالیہ سیلابوں میں عوام کی حفاظت کیلئے بروقت اطلاعات کی فراہمی میں نمایاں خدمات سرانجام دیں ہیں۔ڈائریکٹر اطلاعات نے کہا کہ سیکریٹری اطلاعات ارشد خان نے محکمہ ا طلاعات و تعلقات عامہ کا چارج سنبھالنے کے بعد صوبہ بھر میں صحافی برادری اور پریس کلبوں کے لیے ہنگامی بنیادوں پرجو اقدامات شروع کیے ہیں ان کی بدولت صحافیوں کے مسائل کا جلد از جلد حل ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ سیکریٹری اطلاعات ارشد خان محکمہ اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس محکمہ کودور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بھی موثر کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریجنل انفارمیشن آفس ملاکنڈ علاقائی سطح پر سرکاری محکمہ جات اور حکومتی اقدامات سے متعلق عوام کو باخبر رکھنے میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ریجنل انفارمیشن آفس ملاکنڈ ریجن کے تمام اضلاع میں صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا عوامی فلاح اوردیرپا ترقی کیلئے شروع کردہ بڑے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تشہیر میں مرکزی کردار ادا کر رہاہے تاکہ عوام موجودہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ اقدامات سے آگاہی حاصل کرسکیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے دیر میں بڑے شاہراہوں کے ساتھ ساتھ تیمرگرہ میڈیکل کالج، جندول و ثمر باغ کے مقامات پر گریڈا سٹیشنز کے قیام، علا قے میں سیر وسیاحت کے فروغ سمیت صحت و تعلیم و سماجی شعبوں میں متعددمیگا پراجیکٹس شروع کیے ہیں جن کے بارے میں ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام تک آگاہی پہنچانے میں یہی محکمہ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہاہے۔
