0

پاسپورٹ ایسے کیس میں ضبط رہا جو کیس میرے خلاف کبھی بنا ہی نہیں، مریم نواز

لاہور (مانند نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ میرا پاسپورٹ مجھے واپس کر دیا گیا ہے، الحمدللہ،مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ پاسپورٹ اس کیس میں 3سال ضبط رہا جو کیس میرے خلاف کبھی بنا ہی نہیں؟ میرے جلسوں کے خوف سے فتنہ نے مجھے” تفتیش “کے لیے3 ماہ نیب میں حبسِ بے جا اور کوٹ لکھپت جیل میں ڈیتھ سیل میں رکھا مگر کیس آج تک فائل نہیں ہوا۔ان خیالات کااظہار مریم نواز شریف نے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمدامیر بھٹی کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ کی جانب سے ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کے حکم کے بعد سوموار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ فتنہ کی ظلم اور انتقام پر مبنی سیاست کو مٹنا ہی تھا ایک دن کیونکہ یہ قدرت کا اصول ہے مگر یہ فارن ایجنٹ آج بھی جھوٹ بولنے اور جعل سازی سے باز نہیں آیا۔ مکافاتِ عمل اور اس کا عبرت ناک انجام اس کے تعاقب میں ہے انشااللہ۔جبکہ ایک ٹوئٹر صارف کے ٹویٹ کے جواب میں مریم نواز شریف نے لکھا کہ مجھے کوئی افسوس نہیں۔ اللہ نے بہت ہمت دی انتقام اور ناانصافیوں کا سامنا کرنے کی۔ اللہ نے مجھے جھکنے نہیں دیا۔مجھے ظالموں کا شکریہ ادا کرنا ہے کہ انجانے میں میری ایسی ٹریننگ کر گئے کہ   میں خود بھی چاہتی تو نہیں کر سکتی تھی۔ یہ سب اللہ رب العزت کے کام ہیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں