0

’عمران خان کی آڈیو لیکس اِدھر اُدھر سے لفظ جوڑ کر بنائی گئی ہے‘

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کی آڈیو لیکس اِدھر اُدھر سے لفظ جوڑ کر بنائی گئی ہے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی آڈیو لیکس اِدھر اُدھر سے لفظ جوڑ کر بنائی گئی ہے، انہوں نے ہمیشہ آئین اور قانون میں رہ کر جدوجہد کی ےہ اور آگے بھی کریں گے، پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان مشکل ترین حالات کی جانب جا رہا ہے اور حکمراں طبقہ ملک کو انتشار کی جانب لے جا رہا ہے۔اسد عمر نے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کہا کہ اگر ہم حکومت نہیں گراتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، ملک دیوالیہ ہونیوالا ہے یا نہیں یہ عالمی کمپنیز کی کریڈٹ ریٹنگ بتاتی ہے۔ آپ کی حکومت معیشت کو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر لے آئی ہے، موڈیز نے پہلے آپ کی حکومت آنے کے بعد ہماری معیشت کو منفی کیا تھا اور اب ملکی معیشت کو بی سے سی میں کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت ختم کی تو افراط زر 16 فیصد تھی اور اب آپ کی حکومت میں یہ 40 فیصد پر جا پہنچی ہے، جیسی مہنگائی پچھلے 5 ماہ میں آئی اتنی تاریخ میں کبھی نہیں آئی، اس وقت جب قوم کی مدد کرنی چاہیے تھی اس وقت آپ سرکاری وسائل استعمال کرکے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنا رہے تھے، ساڑھے تین سال عمران خان کو سلیکٹڈ کہتے رہے اور آج اسی اسمبلی میں بیٹھے ہیں، اب آپ ہی بتادیں کہ آپ کی نظر میں سلیکٹڈ کون ہے؟سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف نے گزشتہ روز جذباتی پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے کئی باتیں کیں لیکن جو بات نمایاں نظر آئی وہ ان کی بے انتہا پریشانی تھی، کہا کہ سائفر نہیں پڑھا، آپ نے وزیراعظم بننے کے بعد قومی سلامتی کمیٹی میٹنگ بلائی تھی، قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں اسی سائفر پر بات ہوئی، کیا آپ میٹنگ میں بغیر سائفر کے بات کررہے تھے؟ آپ کو پہلے سائفر پڑھنا چاہیے تھا، آپ میٹنگ میں بغیر سائفر پڑھے چلے گئے، الزام لگانا ہے تو ڈھنگ کا الزام تو لگائیں۔اسد عمر نے کہا کہ واشنگٹن کے سفارتخانے سے پاکستان کو پیغام بھیجا گیا، جتنے بھی مراسلے آتے ہیں سب ڈی کوڈ ہوتے ہیں، ڈی کوڈ کیے بغیر مراسلے کو پڑھا ہی نہیں جاسکتا، انہوں نے سوال کیا کہ کیا شہباز شریف نے سائفر پڑھے بغیر قومی سلامتی کمیٹی اجلاس چیئر کیا؟ آپ قوم کوبتائیں کہ میٹنگ میں آپ سائفر بغیر پڑھے چلے گئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کہا وزیراعظم ہاؤس سے سائفر غائب ہے، جواب دیں کہ آپ نے قوم کو یہ بات بتانے کے لیے ساڑھے 5 ماہ انتظار کیوں کیا؟ کیا آپ نے کیسز کو مینج کرنے کی کوشش کی؟پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شہباز شریف نے شبانہ روز محنت کر کے جھوٹے مقدمات درج کرائے ہیں، عمران خان پر جھوٹا مقدمہ کراکر ساری دنیا میں آپ نے پاکستان کی رسوائی کرائی، اب اگلا پرچہ عمران خان پر بھینس چوری کا آئیگا باقی تو کوئی الزام آپ نے نہیں چھوڑا، شوکت خانم اسپتال کے ذریعے کینسر کے مریضوں کا علاج ہوتا ہے، کینسر کے مریض اور اہلخانہ شہباز شریف کی گفتگو سن رہے تھے۔اسد عمر نے کہا کہ فوج پر فخر ہے، پاک فوج نے دہشتگردی کیخلاف وہ قربانیاں دیں جو دنیا نہیں دے سکی اور پاک فوج کی جانب سے قربانیاں جاری ہیں، جب دہشتگردی کے خلاف جنگ ہو رہی تھی آپ کے پارٹی کے لیڈران کیا کہا کہتے تھے؟ یہ سب کو پتہ ہے، پی ڈی ایم جماعتوں نے فیٹف بل کیخلاف ووٹ ڈالے، آپ نے آئی ایم ایف سے متعلق بل سینیٹ سے مسترد کرایا۔ان کا کہنا تھا کہ سروے میں لوگوں نے رائے دی سیلاب زدگان کی سب سے زیادہ مدد عمران خان نے کی، اسد عمر نے دوران پریس کانفرنس کہا کہ ابھی خبر ملی ہے کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو سینیٹ سے پکڑ لیا گیا ہے، جس کی مذمت کرتا ہوں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں