0

ٹی20 ورلڈکپ، کوہلی پھر مردِ بحران ثابت، بھارت 4 وکٹوں سے کامیاب

اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ ٹو کے میچ میں ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر عمدہ اننگز کھیل کر بھارت کو پاکستان کے خلاف کامیابی دلوادی۔پاکستان کی جانب سے دیا گیا 160 رنز کا ہدف بھارت نے آخری گیند پر حاصل کیا۔ ویرات کوہلی نے اپنے کیریئر کی بہترین اننگز میں سے ایک کھیلتے ہوئے ناقابلِ شکست 53 گیندوں پر 82 رنز بنائے جنہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ان کے علاوہ ہاردیک پانڈیا 37 گیندوں پر 40 رنز کی عمدہ اننگز کھیل سکے۔ بھارت کی جانب سے کے ایل راہول اور کپتان روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا۔نسیم شاہ نے کے ایل راہول کو پویلین کی راہ دکھائی، وہ 4 رنز بنا سکے۔بھارتی کپتان روہت شرما کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا، انہوں نے بھی 4 رنز بنائے۔چھٹے اوور میں 26 کے مجموعی اسکور پر حارث رؤف کی تیز گیند کا سوریا کمار یادیو صحیح طریقے سے سامنا نہ کرسکے اور محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔ساتویں اوور میں 31 کے مجموعی اسکور پر اکسر پٹیل کے رن آؤٹ ہونے کی صورت میں بھارتی ٹیم کو چوتھا نقصان ہوا۔اس کے بعد ویرات کوہلی اور ہاردیک پانڈیا نے زبردست پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کو 100 رنز کے پار پہنچادیا۔ دونوں کے درمیان 78 گیندوں پر 113 رنز کی عمدہ پارٹنر شپ لگی جس نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ آخری اوور میں جب بھارت کو جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے تاہم محمد نواز کی نو بال کی وجہ سے بھارت کو پھر میچ میں آنے کا موقع مل گیا۔ بھارت کو آخری گیند پر ایک رنز درکار تھا تو ایسے میں روی ایشوین نے چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور حارث رؤف نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ نسیم شاہ ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ اس سے قبل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹاس جیت کر بھارتی کپتان نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جس کے بعد قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 159 رنز بنائے تھے۔روہت شرما کے فیصلے کے بعد پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا۔بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے بابر اعظم کو اپنے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔پاکستان ٹیم کی دوسری وکٹ ارشدیپ سنگھ نے چوتھے اوور کی آخری گیند پر حاصل کی، محمد رضوان 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد شان مسعود اور افتخار احمد نے پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کو سنبھالا۔افتخار احمد نے 32 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ففٹی اسکور کی، انہیں 13ویں اوور میں محمد شامی نے آوٹ کیا۔اس دوران شان مسعود دوسرے اینڈ پر جم کر بھارتی بولرز کا مقابلہ کرتے رہے۔پاکستان کی چوتھی وکٹ 96 کے مجموعی اسکور پر گری، شاداب خان کو 14ویں اوور میں ہاردیک پانڈیا نے آؤٹ کیا۔اسی اوور کی آخری گیند پر حیدر علی بھی 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔بھارتی فاسٹ بولر ہاردیک پانڈیا نے پاکستان کی چھٹی وکٹ 16ویں اوور میں حاصل کی، جب محمد نواز 9 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی ساتویں وکٹ آصف علی کی گری جب وہ  17 ویں اوور میں ٹیم کے اسکور میں 2 رنز کا اضافہ کر کے آؤٹ ہوئے۔بھوونیشور کمار نے آخری اوور میں شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ حاصل کی۔ وہ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شان مسعود 52 اور حارث رؤف 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پاک بھارت کپتانوں نے کیا کہا؟ٹاس کے موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت جاتے تو بولنگ کرتے، ہم 3 فاسٹ بولرز، 2 اسپنرز اور 6 بیٹرز کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اس موقع پر کہا کہ پچ بولنگ کے لیے بہتر لگ رہی ہے، میچ کی بہت اچھی تیاری کی ہے۔پاک بھارت ٹاکرے کے لیے پاکستان ٹیم پاکستان ٹیم بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، شان مسعود، حیدر علی، افتخار احمد، محمد نواز، آصف علی، شاداب خان، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ پر مشتمل تھی۔بھارت کی ٹیم بھارتی ٹیم میں روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، ہاردیک پانڈیا، دنیش کارتک، اکسر پٹیل، بھوونیشور کمار، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ اور روی ایشوین شامل تھے۔ہم اس وقت بھارت سے بہتر ہیں: شاداب خان ٹاس سے قبل گراؤنڈ میں گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ بہت بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔شاداب خان نے کہا کہ بطور ٹیم ہم اچھا کھیل رہے ہیں، ہم اس وقت بھارت سے بہتر ہیں۔دونوں ٹیمیں انجوائے کریں گی: ہاردیک پانڈیادوسری جانب بھارتی کھلاڑی ہاردیک پانڈیا نے کہا کہ پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے پرجوش ہوں، دونوں ٹیمیں انجوائے کریں گی۔انہوں نے کہا تھا کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ ہے، ہر ٹیم کے پاس اچھے بولرز ہوتے ہیں۔پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں دونوں ٹیموں کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔بشکریہ جنگ

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں