0

دیر کے غیور عوام نے نامساعدحالات کا ڈٹ کرمقابلہ کیا،ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان

تیمرگرہ(مانند نیوز)ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان نے کہا ہے کہ دیر کے غیور عوام نے ملاکنڈ ڈویژن میں گزشتہ ادوار کے دوران نا مساعد حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرکے اپنی پولیس اور سیکورٹی اداروں کیساتھ بھرپور تعاون کرکے یہاں پر امن بحال رکھا، انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام نے امن و امان کیلئے اپنی نے پناہ قربانیاں دیں جبکہ موجودہ حالات میں بھی عوام کی بھر پور تعاون سے پولیس نے ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کئے اور علاقے کے امن کو خراب نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ایک پر امن اور جرائم سے پاک معاشرے کیلئے اپنی فرائض سرانجام دیتی رہے گی جبکہ منشیات میں ملوث عناصر اور قبضہ مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے بھی ملوث عناصر کی لسٹیں تیار کرکے سخت کارروائی کرے گی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز دیر لوئر کا دورہ کرنے کے موقع پر پولیس لائن بلامبٹ میں عمائدین کیساتھ ملاقات اور ڈی آر سی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ڈی پی او دیر پائیں اکرام اللہ خان ، ایس پی انوسٹی گیشن مشتاق احمد ، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر فخر عالم و پولیس کے دیگر افسران کے علاوہ ڈی آر اسی ممبران، وکلابرادری ، بازار یونین کے عہداروں، چیمبر آف کامرس کے نمائندوں اورسیاسی جماعتوں کے عہدیداروںنے شرکت کی ۔ ریجنل پولیس آفیسر دورہ دیر پائین کے دوران ضلع سے تعلق رکھنے والے عمائدین علاقہ سے بھی ملے، جبکہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (ڈی آر سی )کے ممبران کیساتھ اجلاس منعقد کرانے کے علاوہ پولیس افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ضلع میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا ،اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے پائیدار حل کیلئے ضلع میں ڈی آر سی کے فورم کو مزید فعال اور مضبوط بنائیں گے اور اس ضمن میں پولیس سے جتنا بھی ہوسکیں اپنا کردار ادا کرے گی تاکہ عوام کو درپیش متعدد نوعیت کے معاشرتی مسائل کا عدالتوں سے باہر باہمی رضامندی پر پائیدار حل ممکن بنایا جاسکے، ریجنل پولیس آفیسر نے مزید کہا کہ پولیس مذکورہ علاقائی اصلاحی جرگے کے فورم کو مکمل سپورٹ کرے گی ، ریجنل پولیس آفیسر نے اس موقع پر پولیس کو ضلع میں منشیات اور اس قبیح دھندے میں ملوث عناصر اور مافیا کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیا اور کہا کہ منشیات کے دھندے میں ملوث اصل ڈیلر ان کو قانون کے کٹہرےمیں لانے کیلئے ہدف بنایا جائے تاکہ ان بے رحم عناصر سے ہماری نئی نسل محفوظ ہو سکیں ، انہوں نے اس موقع پر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ تھانوں اور دیگر پولیس دفاتر میں سائلین اور عوام سے شائستہ اور عزت مندانہ رویہ کیساتھ پیش آئیں تاکہ پولیس پر عوام کا اعتماد بحال ہو اور ہر آزمائش کی گھڑئ میں قانون کی علمبرداری پر عمل پیرا ہو کر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں، آر پی او نے اس موقع پر یقین دلایا کہ پولیس میں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں