0

سوات کبل میلگاہ اور شگئی توتانوبانڈئی کے روڈ اہلیان علاقہ کیلئے وبال بن گئے

سوات(نمائندہ مانند)سوات کبل میلگاہ اور شگئی توتانوبانڈئی کے روڈ اہلیان علاقہ کیلئے وبال بن گئے۔سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود تارکول کا کام شروع نہ کیاجاسکا۔ گاڑی روڈ پر گزرنے سے ساری سواریاں دھول سے اٹ جاتی ہیں۔ دن رات دھول اور گرد اڑنے سے روڈ کنارے گھروں کو بھی شدید تکلیف کا سامنا۔ کروڑوں کے منصوبے تباہ ہونے کا خدشہ۔احتجاج پر مجبور نہ کیاجائے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل کبل کے علاقوں میلگاہ اور شگئی توتانوبانڈئی کے روڈوں پر سال سے زیادہ عرصہ پہلے روڑے بچھائے گئے ہیں۔منصوبہ جات کی شروعات میں عوام الناس میں بڑا جوش و جذبہ پایاجاتاتھا اور انہوں نے ان کا بڑا خیرمقدم بھی کیاتھا لیکن اب ایک سال سے زیادہ گزرگیاہے کہ روڑے بچھانے کے بعد کوئی بھی مزید کام نہیں کیاجارہا۔سابق ناظم بخت محمد خان، باچا زادہ ودیگرنے کہا کہ گاڑیوں کے گزرنے سے سارا دن گرد اور دھول اٹھتاہے۔ گاڑیوں میں بیٹھے سواریوں کے کپڑے گرد اور دھول سے اٹ جاتے ہیں۔ روڈ کنارے گھر دن رات گرد سے اٹے رہتے ہیں۔ بیماریاں پھیلنے کا خدشہ روز بہ روز بڑھتا جارہاہے۔ عمررسیدہ افراد اور بالخصوص مریضوں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ ان کے علاوہ راہگیروں کا چلنا بھی محال ہوگیاہے۔ کوئی روڈ کنارے چل نہیں سکتا کیونکہ تھوڑا جانے کے بعد اس کے کپڑے اور چہرہ گرد سے اٹ جاتاہے۔انہوں نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا کہ تارکول نہ ڈالنے کی وجہ سے دوبارہ روڈ کی حالت مزید خراب ہونے پر جو لاگت ابھی تک روڈ پر آئی ہے وہ ضائع ہوجائیگی۔ انہوں نے حکومت وقت سے اپیل کی مذکورہ سڑکوں پر تارکول کے کام کی جلد منظوری دے کر روڈ تعمیر کروائے جائیں اور انہیں اس آفت سے نجات دلائی جائے ورنہ وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں