0

کوئی ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس نافذ نہیں کرسکتاہے;سید محمد علی شاہ باچہ

ملاکنڈ ( مانند نیوز ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے آبی وسائل اور پی پی پی کے صوبائی سینئر نائب صدر سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی نے عوامی مینڈیٹ چُرا کر دھاندلی کے ذریعے اقتدار تک رسائی حاصل کی۔ 2023 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی پر ثابت ہو جائیگا کہ عوامی طاقت پی پی پی کے پاس ہے۔ وزیر اعظم سے استعفیٰ لینے اور حکومت ختم کرانے کے دعوے کرنے والوں نے خود استعفے دینے کا اعلان کرکے اپنی ہار تسلیم کر لی ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن ٹیکس فری زون ہے اور انشاء اللہ جب تک پی پی پی قائم ہے کوئی مائی کا لال ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس نافذ نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 55ویں یوم تاسیس کے حوالہ سے ملاکنڈ بدرگہ میں اپنی رہائش گاہ پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع میں کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس دوران 55ویں سالگرے کا کیک بھی کاٹا گیا جبکہ کارکنوں نے پارٹی قائدین کے حق میں پُر جوش نعرہ بازی کی۔ اجتماع سے پی پی پی صوبائی سینئر نائب صدر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے آبی وسائل سید محمد علی شاہ باچہ، ضلعی صدر سید احمد علی شاہ باچہ، سیف اللہ شہاب، محمد ریاض ایڈوکیٹ، محمد یونس خان اور پارٹی کے دیگر ضلعی و تحصیل عہدیداروں اور کارکنوں نے خطاب کیا۔ اس دوران مقررین نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹوکو محسن پاکستان اور محسن عوام لیڈر قرار دینے کے علاوہ پارٹی کے بنیادی اصولوں، قائدین کے عظیم قربانیوں،ملک میں جمہوریت کے لئے جدوجہد اور کارکنوں کے لازوال قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پی ٹی آئی کے سیاست پر کڑی تنقید کی اور ملکی اداروں پر بے جا تنقید، معاشی مشکلات پیدا کرنے اور عوام کے درمیان نفرت انگیز فضاء اور منفی طرز سیاست پر پی ٹی آئی کو ملک و قوم دشمن پارٹی قراردیا گیا اور کہا گیا کہ ہمیشہ چور چور کے نعرے لگانے والا خود سرٹیفائڈ چور ثابت ہو گیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ جو شخص محض ایک گھڑی کا تحفہ سنبھال نہیں سکتا اس شخص کو ملک کا نظام، معیشت، جمہوریت اور آمن و آمان سنبھالنے کی توقع رکھنا عبث ہے۔ پی پی پی کے صوبائی سینئر نائب صدر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ پی پی پی عظیم قربانیوں کے بعد بنائی گئی ہے اور پی پی پی کے قائدین نے جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک میں جمہوریت کی تحفظ اور عوام کو خوشحالی دلائی ہے۔ ضلعی صدر سید احمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ پی پی پی نے غریب عوام کو زبان دی ہے اور پورے دنیا میں پاکستانی قوم کو ایک بہادر قوم کے طور پر متعارف کرایا اور عملی تبدیلی پی پی پی کے ذوالفقار علی بھٹو بہت پہلے لاچکے ہیں جبکہ موجودہ نام نہاد سیاسی لیڈرز جعلی نعروں سے تبدیلی لانے کے ناکام کوشش کر رہے تھے لیکن عوام نے سب کی اصلیت دیکھ لی۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں