0

پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، مفتی عبدالشکور

لاہور(مانند نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے،اقلیتوں کو جتنی مذہبی آزادی پاکستان میں حاصل ہے شاید ہی دنیا کے کسی اور ملک میں ہو،ہندو و سکھ مذہب کے لوگ پاکستان میں جب اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے آتے ہیں تو انہیں تمام سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور یاتری پاکستان کی مہمان نوازی کا تذکرہ اپنے ممالک میں واپس جا کر کرتے ہیں جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان میں اقلیتیں مکمل آزاد اور ان کے مذہبی مقامات محفوظ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں ایک روزہ بین المذاہب ہم آہنگی اور عصر حاظر کے تقاضے کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا اہتمام وزارت مذہبی امور و ہین المذاہب ہم آہنگی اسلام آباد کی جانب سے کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے مذہبی امور شبیر احمد عثمانی،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ محمد حسین اکبر، ہندو کمیونٹی کے رہنما امرت نات رندھاوا، سکھ کمیونٹی کے لیڈر میپل سنگھ، مسیحی رہنما بشپ یعقوب و دیگر مذاہب کے رہنما اور علمائے کرام کی بڑی تعداد موجود تھی۔کانفرنس میں ہندو پنڈت بھگت لال نے بنی کریم ﷺکی شان میں عقیدت بھرے اشعار پڑھ کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے، اصل درس انسانیت کا ہے، ہمارے پیارے نبی پوری انسانیت کے لیے رحمت اللعالمین ﷺبن کر تشریف لائے۔انہوں نے کہا کہ چند نام نہاد لبرل عناصر کی جانب سے اہل مذاہب کو بدنام کرنے کی مذموم سازشوں کو ناکام بنانا وقت کہ اہم ضرورت ہے، ایک چھوٹا سا طبقہ پوری دنیا میں مذاہب پر تنقید کرتا ہے، اس پراپیگنڈا کا توڑ ہم سب کو مل کر کرنا ہے جبکہ علمائے کرام کو اس سلسلے میں آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب میں ایسے افراد موجود ہیں جو مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ طاقت کے زور پر کسی شخص کو کوئی مذہب اختیار کرنے پر مجبور نہیں کیاجاسکتا البتہ دلیل سے بات کرنے کو ترجیح دی جانی چاہئے، بندوق سے کسی کا دل نہیں جیتا جا سکتا، کسی غیر مسلم سے بھتہ لینا، جائیداد پر قبضہ کرنا اور اسے نقصان پہنچانا اسلام میں حرام ہے، ہمارے نبی ﷺنے انسانیت سے پیار اور محبت کا درس دیا ہے، تمام مذاہب میں ہر شخص کی جان،مال اور عزت ہم سب کیلئے قابل احترام ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے طلبا کو سکالرشپ دینے کے لیے بھر پور کوشش کی جائے گی، دوسرے مذاہب میں بے سہارا بچیوں کی شادیوں کیلئے اخراجات دینے کی بھر پور کوشش کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال اور ان کی بحالی کیلئے ہر سطح پر کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آپ ہمارے ہیں ہم آپ کے ہیں، پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کی ترقی اور سلامتی کے لیے ہمیں مل کو کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے مذہب میں رہتے ہوئے تمام لوگ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں