0

خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے،آئی جی پی کے پی کے معظم جاہ انصاری

پشاور(مانند نیوز)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے طالبات پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں تاکہ ملک کو درپیش مستقبل کے چیلنجز سے بطریق احسن اور موثر طریقے سے نمٹاجاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج شہیدبے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی میں دو روزہ ویمن یوتھ کیئرر کانفرنس2022 کے افتتاح کے موقع پر مختلف فیکلٹی کے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وائس چانسلر آف یونیورسٹی میڈم صفیہ ،اسسٹنٹ وائس چانسلر ڈاکٹر نسیم اور اساتذہ کی ایک کثیرتعدا د نے تقریب میں شرکت کی ۔آئی جی پی نے کہا کہ ہماری نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے جو اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ زندگی کے تمام شعبوں میں ان کو مناسب نمائندگی دی جائے لیکن بدقسمتی سے ہماری پسماندگی کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ خواتین کو تمام شعبو ں میں نظر انداز کیا گیاہے ۔ آئی جی پی نے کہا کہ عوام کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور محکمہ پولیس خدمت کے حوالے سے بہترین پیشہ ہے اور طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم مکمل کر کے محکمہ پولیس کو بطور ملازمت پیشہ اختیار کریں او ر کہا کہ انہیں ملک وقوم کی ترقی اور اپنی خداداد صلاحیتیں منوانے کے لئے بہترین مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔آئی جی پی نے تقریب کے شرکاءکو محکمہ پولیس کیCSS خواتین پولیس آفیسرز بھی متعارف کرائے اور خیبرپختونخوا پولیس فورس کے لئے ان کی جاری گراں قدر خدمات اور قائدانہ صلاحیتوں کا برملا اعتراف بھی کیا ۔آئی جی پی نے کہا کہ محکمہ پولیس میں خواتین کی تعداد بہت کم ہے او راس تعداد کو بڑھانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔اس مقصد کے لئے خواتین پولیس آفیسر ز مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں کے پرو گراموں میں شرکت کرکے طالبات کو اپنے آپ کو بطوربہترین مثال پیش کررہی ہیں ۔آئی جی پی نے کہا کہ خواتین صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں اور 60خواتین کا نوبل پرائزحاصل کرنااس کا جیتا جاگتا ثبوت ہے ۔آئی جی پی نے کہا کہ خواتین کو عملی زندگی میںبہت مشکلات درپیش ہیںاور ان پر زور دیا کہ وہ عزم اور ہمت کا جھنڈا لیکر میدان میں اتریں اور تمام فرسودہ روایات اور سوچ کو ترک کرکے اپنی ذاتی زندگی اور ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی میںاپنا موثر کردار ادا کریں ۔       آئی جی پی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں خواتین پولیس اسٹیشنوں کے ساتھ ساتھ ویمن پولیس ہیلپ ڈسک قائم کئے گئے ہیں اور کہا کہ پولیس اسٹیشنوں میں خواتین پولیس کے لیے ویمن بے بی کیئر سنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ وہ ملازمت کے دوران اپنے بچوں کی بہترپرورش اور تربیت پر بھرپور توجہ دے سکیں۔ آئی جی پی نے طالبات پر زور دیا کہ وہ مقابلے کے امتحانوں میں بیٹھ کر اپنی اپنی پسند اور صلاحیتوں کے مطابق پیشے اختیا ر کریں اورمختلف شعبوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لئے اپنا کلیدی کردار وابستہ توقعات کے مطابق ادا کریں۔آئی جی پی نے تقریب میں شریک خواتین کے ساتھ یکجہتی اور مستقبل میں ان کی کامیابیوں اور کامرانیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔ آئی جی پی نے شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی کے لان میں شجر کاری مہم کے حوالے سے ایک پودا بھی لگایا ۔قبل ازیں آئی جی پی نے فیتہ کاٹ کر دوروزہ ویمن یوتھ کئیرر کانفرنس 2022کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔آئی جی پی یونیورسٹی میں مختلف فیکلٹی کی جانب سے لگائے گئے اسٹالوں پر بھی گئے اور خواتین کی بنائی گئی مختلف اشیاءاور مصنوعات میں گہری دلچسپی لی اور خواتین کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ یونیورسٹی کی وائس چانسلر نے آئی جی پی کو شیلڈ بھی پیش کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں