0

عمران خان نے 4 سال ملک کیساتھ کھیلا، حساب دینا ہوگا،سلیمان شہباز

اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف کے صاحبزادے سلیمان شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے 4سال ملک کیساتھ کھیلا، حساب دینا ہوگا۔ان خیالات کااظہار سلیمان شہبازشریف نے منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت میں توسیع کے لئے پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سلیمان شہباز نے کہا کہ جسٹس (ر)جاوید اقبال پاکستان کے احتساب کے نظام پر کالا دھبہ ہے، کیسے اس کو بلیک میل کر کے اور اس کی ویڈیوز بنا کر اس پر دباؤ ڈالا گیا کہ مسلم لیگ (ن)اور شریف خاندان کو انتقام کا نشانہ بناؤ، ان کے خلاف جعلی مقدمات بناؤ اوراسی دوران اپنا کرپشن کا بازار گرم کیا اوراسی دوران رانا ثناء اللہ کے اوپر ہیروئن کا جھوٹا کیس ڈالا جس کا فیصلہ آگیا جوایک تھپڑ پڑا ہے عمران نیازی اوراس کی پارٹی کے منہ پر۔ انہوں نے کہا کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر احمد میمن جو کہ ایک ایماندار افسر تھااس نے ساری دنیا کو بتایا کہ کس طرح عمران خان اس کو وزیر اعظم ہاؤس میں بلا کر اس پر دباؤ ڈالتے تھے کہ شریف فیملی کے لوگوں کو گرفتار کرو، ان کے خلاف مقدمات کرو، ڈی جی ایف آئی اے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر جو آج کل بھاگے ہوئے ہیں،زرہ پتا تولیں آج کہاں پر ہیں، وہ پاکستان سے باہر ایک محل میں برتین دھو رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ جو کھلواڑ کیا وہ بھی سب نے دیکھا۔ ہم پاکستان واپس آئے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں اب صاف ماحول ہے اور ہم اپنے کیسز کا دفاع کریں گے۔عمران خان قوم سے جھوٹ بولتا رہا کہ میں نے قرضے لئے ہیں، اس نے اپنے 4 سالہ دور میں 25 ہزار ارب کا قرضہ لیا، وہ پیسہ کہاں گیا؟ یہ گھڑیاں چوری کرتا رہا وہ پاکستان کی امانت تھیں، میں اس کو چیلنج کرتا ہوں یہ گھڑی بیچنے، پیسے لانے کی رسید قوم کو پیش کرے، دکھائے وہ کرپشن کیسے ہوئی۔سلیمان شہباز نے کہا کہ یہ گھٹیا چور ہے، گھڑی چوری کی ٹرانزیکشن کا حساب دے، ہم تو کہتے تھے کہ ویسٹ اور ایسٹ پاکستان کا دوست ہے، ہم تو سب کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں، اس نے امریکن سازش کا ڈھونگ اور ڈرامہ کیا، اب کہتا ہے غلطی ہو گئی، غلطی نہیں ہوئی یہ ڈرامے باز شخص ہے، سائفر کے اوپر اس کی ڈرامے بازی ساری قوم کے سامنے عیاں ہوگئی۔وزیراعظم کے صاحبزادے نے کہا کہ عمران نیازی توشہ خانہ میں جو کچھ کر کے گیا اس کے اب حساب کا وقت آگیا، ہم اس کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے، یہ عدالتوں میں آئے اور اپنے مقدمات کا سامنا کرے، قوم دیکھ رہی ہے کب اس کے خلاف کیسز کا نتیجہ نکلے گا، کب اس کو سزا ملے گی، جب تک اس کو سزا نہیں ملے گی ہم اس کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں