0

دنیاکی کوئی طاقت مدارس کو ختم نہیں کرسکتی،قاری حیف جالندھری

پشاور(مانند نیوز)دنیا کی کوئی طاقت دینی مدارس کو ختم نہیں کرسکتی ۔سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے ۔دینی مدارس میں طلبہ وطالبات کی تعداد میں اضافہ قوم کی طرف سے اعتماد کی دلیل ہے۔ سب سے زیادہ حفاظ پاکستان میں تیار ہورہے ہیں ۔اس سال وفاق المدارس العربیہ کے تحت ایک لاکھ بچے قرآن  کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ  پاکستان کے سینئر نائب صدر مولانا انوارالحق، ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری، مفتی غلام الرحمن ،ناظم وفاق المدارس العربیہ صوبہ خیبر پختونخوا مولانا حسین احمد، قاری عبدالوحید، مولانا فیض الحسن اور مولانا نقیب اللہ اور دیگر نے جامعہ امدادالعلوم مسجد درویش پشاور صدر میں صوبائی مقابلہ حفظ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا انوارالحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ میں موجودہ دینی بیداری مدارس کی مرہون منت ہے ۔مدارس میں ملک وقوم کے خیر خواہ تیار ہوتے ہیں ۔کوئی بھی طاقت مدارس کو ختم نہیں کرسکتی۔ سازشیں کرنے والے خود ناکام ہوں گے۔ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہاکہ دنیا کی خواہش تھی کہ مدارس ختم ہو جائیں لیکن دینی مدارس اور ان میں پڑھنے والے طلبا کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے ، گزشتہ سال نوے ہزار طلبہ نے حفظ قرآن کریم مکمل کیا تھا اس سال وفاق المدارس العربیہ سے ملحق مدارس میں ایک لاکھ طلبہ نے حفظ قرآن مکمل کیا ہے جو امتحانات میں شریک ہوں گے ۔اللہ تعالیٰ ان بچوں سے قرآن مجید کی حفاظت کا کام لے رہے ہیں۔ اسلام میں  خیر کے کاموں میں مقابلہ بازی کی ترغیب  وارد ہے ۔مسابقات کے انعقاد کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ لوگوں میں قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ پڑھنے کا شوق پیدا ہو۔آج جو بچے یہاں قرآن کریم سنا رہے ہیں یہ دینی مدارس کی برکت سے  ہے، ہم نے ان میں  مسابقے اور مقابلے  کروا کر قوم کے سامنے اپنی کارکردگی کی ایک جھلک  پیش کی ہے ، ان شاءاللہ اس سے لوگوں میں قرآن پڑھنے کا شوق پیدا ہو گا۔  مقابلہ حفظ قرآن کریم کی صوبائی سطح کے اس مقابلے میں صوبہ بھر کے اضلاع سے منتخب 10 طلباء نے حصہ لیا۔اس مقابلے میں دارالعلوم مدنیہ بٹ خیلہ کے طالب علم محمد اظہان ولد جان محمد نے پہلی، علوم القرآن مردان کے طالب علم محمد علی ولد عبدالواجد نے دوسری جبکہ تعلیم الاسلام کانجو سوات کے طالب علم اویس الرحمن ولد نوررحمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔مقابلوں میں صوبائی سطح پر پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء اسلام آباد میں منعقد ہونے والے مقابلوں میں شریک ہوں گے۔پوزیشن حاصل کرنے والے اور دیگر سات شرکاء کو بھی نقد انعامات و اعزازات سے نوازا گیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں