0

 ڈاکٹر امجدعلی نے شموزئی چونگئی سوات میں دیہی مرکز صحت کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

بریکوٹ(مانند نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیرِ ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے کہا ہے کہ حلقہ پی کے 6 سوات کے عوام کیساتھ 2018 میں کیے گئے 90 فیصد وعدے ایفا کیے، آبادی بڑھ رہی ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ھدایات کی روشنی جبکہ عوام کے بہتر مفاد میں درکار اقدامات کو بروقت یقینی بنا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں بھی عوام کیلئے آسانیاں ہو۔ صرف حلقہ پی کے 6 سوات میں ہسپتالوں کے قیام پر تقریباً 1ارب 20کروڑ روپے خرچ ہو رہے ہیں، ویلیج کونسل مانیار، نوی کلی اور کوٹلی میں بھی صحت مراکز کے قیام کیلئے کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شموزئی چونگی سوات میں دیہی مرکز صحت کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چئیرمین تحصیل بریکوٹ کاشف علی بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجدعلی کا کہنا تھا کہ حلقہ پی کے 6 سوات میں ترقیاتی منصوبوں کے قیام سے متعلق جتنا کام ہوا، اتنا مجموعی طور پر پچھلے 70 سال میں بھی نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی سہولت بہت بڑا و تاریخی اقدام ہے، جس کی بدولت علاج معالجے کیلئے خیبرپختونخوا کا ہر شہری یکساں مستفید ہو رہا ہے۔ انہوں نے اجتماعی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے اراضی فراہم کرانے اور جذبہِ علاقائی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنے کیلئے عوام پر بھی زور دیا۔ ڈاکٹر امجدعلی نے دیہی مرکز صحت شموزئی چونگی سوات پر عملی کام کا اجراء ہونے پر  وہاں کے باشندوں کو مبارکباد دی، جبکہ عوامی خدمت اور علاقے کی مزید ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا بھی عہد کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں