0

جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،11 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (مانند نیوز) سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 خودکش حملہ آوروں سمیت 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرتے ہوئے علاقے میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنادیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں کمانڈر حفیظ اللہ عرف طور حافظ سمیت دو خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں، ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔

واضح رہے کہ آج ہی ڈیرہ اسماعیل خان میں انسداد پولیو عملے کی سکیورٹی پر مامور پولیس وین پر دہشت گردوں نے حملہ کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے موسیٰ زئی کے قریب وین پر حملہ کیا، پہلے فائرنگ کی گئی اور پھر دستی بم پھینکے گئے جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔

حملے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچی اور دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد زخمی حالت میں اپنے ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں