پاراچنار (مانند نیوز)ضلع کرم کی عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کرکے کیڈٹ کالج تعمیر کیا جائے۔ اپنے تحریری بیان میں ضلع کرم کے سماجی راہنماوں غزنی گل، لیاقت علی اور دیگر راہنماوں نے کہا ہے کہ اس سے پہلے 2014 اور 2018 میں دو بار ضلع کرم کے لئے کیڈٹ کالج کی منظوری دی گئی تھی لیکن اس وقت کے حکام آپس کے اعتراضات کا بہانہ کر کے یہ بڑا پروجیکٹ کہیں اور لے گئے۔ ہمارے ضلع کرم کے سٹوڈنٹس آج کل ملک کے مختلف کیڈٹ کالجز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور وہاں پر ملک کی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے چلے آرہے ہیں۔کیڈٹ کالج رزمک، کیڈٹ وانا، کیڈٹ سپینکئ، گریزن کیڈٹ کالج کوہاٹ، کیڈٹ کالج ورسک،ملٹری کالج جہلم، ملٹری کالج مری، ملٹری کالج سوئی اور پی اے ایف کالج لوئر ٹوپہ/سرگودھا میں بہترین سٹوڈنٹس اور کالج کی سطح پر کمانڈرز کا تعلق ضلع کرم سے ہیں۔ان سے پتہ چلتا ہے کہ ضلع کرم کے سٹوڈنٹس میں ملک کی سطح پر بہترین ٹیلنٹ ہے لیکن یہاں پر کیڈٹ کالج نہ ہونے کی وجہ سے اور مذکورہ کالجز میں کم کوٹے کی وجہ سے اکثر ٹیلنٹ ضائع ہوتا چلا آرہا ہے۔ لہذا حکام بالا سے التجا کرتے ہیں کہ ضلع کرم میں کیڈٹ کالج تعمیر کیا جائے۔ہمارے بچے یہاں سے تعلیم و تربیت حاصل کر کے ملک وقوم کی خدمت میں پیش پیش ہوں گے۔
