ٹیکنالوجی (مانند نیوز) ٹوئٹر کے بلیو ٹک کے لیے سالانہ سبسکرپشن شروع کرنے کے ایک دن بعد ہی سوشل میڈیا کمپنی نے اپنا ’پیڈ پلان‘ اینڈرائیڈ صارفین تک بڑھا دیا ہے، اگر کوئی اینڈرائیڈ کے ذریعے ٹوئٹر بلیو پلان خریدتا ہے تو اسے ہر ماہ 11 ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔واضح رہے کہ ویب براؤزر کے ذریعے سبسکرائب کرنے والوں کے لیے ٹوئٹر بلیو ٹک کی ماہانہ فیس صرف 8 ڈالر ہے، جب کہ ماہانہ چارجز کے مقابلے میں ویب صارفین کے لیے ایک سستا سالانہ منصوبہ بھی پیش کیا گیا ہے جس کی فیس 84 ڈالر ہے، تاہم یہ رعایت صرف امریکا، کینیڈا، برطانیہ، جاپان، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں صارفین کو دستیاب ہوگی۔نیلے رنگ کا یہ نشان جو پہلے سیاست دانوں، مشہور شخصیات، صحافیوں اور دیگر عوامی شخصیات کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے لیے مفت تھا، اب ہر اس شخص کے لیے کھلا ہوگا جو ادائیگی کے لیے تیار ہے۔اسے پچھلے سال شروع کیا گیا تھا تاکہ ٹوئٹر کی آمدنی میں اضافہ ہو۔ رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ پر زیادہ فیس اس لیے رکھی گئی ہے تاکہ اینڈرائیڈ کے گوگل پلے اسٹور پر جو فیس وصول کی جا رہی ہے، اسے متوازن کیا جا سکے۔یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ایلون مسک اینڈ کمپنی دراصل گوگل کو ’درون ایپ‘ خریداریوں کی فیس کی ادائیگی سے بچنا چاہتے ہیں، اس لیے صارفین کو زیادہ ادائیگی کرنی پڑے گی۔
