پشاور(مانند نیوز) ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر مردان جمال شاہ مہمند، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر جنید خالد اور کانسپٹ کارپوریشن کے سی ای او محمد عارف اتوزئی نے مجید آباد بجلی گھر مردان کادورہ کیا، دورے کے دوران انہوں نے زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر سایہ مستحق یتیم ولاچار بچیوں اور بیواؤں کیلئے بن ریان سلائی ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سوشل ویلفیئر آفیسر جمال شاہ مہمند، جنید خالد اور محمد عارف اتوزئی نے سلائی سنٹر کے قیام کو سراہا اور انتظامیہ کو مبارکباد د یتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سلائی مراکز کا قیام خواتین کو ہنر مند بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ آج کی عورت نہ صرف بچوں کی پرورش اور گھریلو ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے سر انجام دے رہی ہے بلکہ معاشی طور پر گھر کا خرچ چلانے میں بھی مرد کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ میں انتہائی سنجیدہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ خواتین کو مالی طور پر خود مختار بنانے کے لئے بھی مختلف پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔ زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان کے چیئر مین محمد پرویز نے کہا کہ خواتین ملک آبادی کے نصف فیصد سے بھی زائد ہیں، انہیں بااختیار بنائے بغیر ہم کسی صورت ترقی نہیں کر سکتے، زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی اس حوالہ سے بہت بڑا کام کر رہے ہیں جو بیروزگار خواتین کو فنی تعلیم کے ذریعہ ہنر مند بنا کر باعزت روزگار شروع کرنے کے قابل بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا خواتین کو چاہئے کہ وہ ہنر سیکھ کر کام کریں اور اپنے علاقہ کی مزید خواتین کو ہنر مند بنائیں تاکہ خواتین گھروں میں بیٹھنے کی بجائے اس ہنر کو بروئے کار لا کر خود کمانے کے قابل ہو سکیں۔
