0

جس کرسی پر ہم بیٹھے ہیں یہ عوام کی ہے اور ہم سب عوام کے خادم ہیں، کمشنر ہزارہ

ہزارہ (مانند نیوز)کمشنر ہزارہ ڈویژن شوکت علی خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ جس کرسی پر ہم بیٹھے ہیں یہ عوام کی ہے اور ہم سب عوام کے خادم ہیں ہم سب نے عوامی مسائل اور مشکلات کو حل کرنا ہے اور حکومت کی رٹ ہر جگہ قائم رکھنی ہے غریب عوام کی داد رسی کرنی ہے غریبوں سے ہمیشہ گزارہ کیا جائے اور مجھے امید ہے کہ آپ عوام کو مایوسیوں سے باہر نکالینگے۔ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے کمشنر ہاؤس کانفرنس روم میں ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد طارق سلام مروت، ڈپٹی کمشنر ہری پور فواد خان، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کیپٹن ریٹائرڈ شاہد راؤ، ڈپٹی کمشنر بٹگرام عرفان اللہ محسود، ڈپٹی کمشنر لوئر کوہستان نیک محمد، ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر محمد آصف، ڈپٹی کمشنر تورغر انورزیب، ڈپٹی کمشنر کولئی پالس حامد علی اور سیکرٹری ٹو کمشنر بھی موجود تھے۔اجلاس میں ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے صحت، تعلیم، بجلی، سیاحت، پرائس کنٹرول، سرکاری آٹا، سی این جی، پیٹرول، پولیو، سڑکوں کی تعمیر، اے ڈی پی سکیمز، جنگلات، فلڈ، جبوڑی ہائیڈروپاور، داسو ہائیڈرو پاور، دیامیر باشا ہائیڈرو پاورمائیننگ، منکیال فارسٹ، بالاکوٹ ہائیڈرو پاور منصوبہ، برفباری، جی ڈی اے، ایم ڈی اے، فارنر کی سیکورٹی اور دیگر مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن شوکت علی خان یوسفزئی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے اپنے اضلاع میں عوام کو ہر شعبہ میں ریلیف فراہم کرنا ہے اشیائے خوردونوش کے مقرر کردہ نرخوں پر عوام کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی، اپنے اپنے اضلاع میں ہر قسم کے تجاوزات کا خاتمہ، روزانہ کی بنیادوں پر بازاروں اور فلور ملوں کی چیکنگ تاکہ عوام کو سرکاری ریٹ پر آٹا اور اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں پلاسٹک بیگ پر مکمل پابندی عائد کردیں اور تمام ضلعی سرحدوں پر بھی پلاسٹک بیگ کی آمد پر مکمل اور سخت پابندی لگائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگ ہی ماحولیاتی آلودگی میں سب سے بڑا باعث ہیں اور اسکے ساتھ ساتھ فلڈ اور گندگی بھی سب سے زیادہ پلاسٹک بیگ کی وجہ سے ہی پیدا ہوتی ہے کمشنر ہزارہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میں جہاں جہاں تعلیم، صحت یا دیگر کسی بھی محکمہ میں سٹاف کی کمی ہے اسکی مکمل تفصیل فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں ہائیڈرو پاور منصوبوں پر کام جاری ہیں اور لینڈ ایکوزیشن سست روی کا شکار ہے اسکو تیز کیا جائے تاکہ یہ منصوبے مقرر وقت پر مکمل ہوسکیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر تورغر کو ہدایت کی کہ ضلع تورغر زیتون کی کاشت کیلئے زیادہ موزوں ہے اسمیں زیتون کی کاشت کی جائے۔کمشنر ہزارہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کی خبروں کی وجہ سے جو تیل و پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے اسکو فوراً کنٹرول کیا جائے کیونکہ پیٹرول و تیل کی ملک میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہے اور پیٹرول پمپس پر کڑی نظر رکھی جائے۔ کمشنر ہزارہ نے کہا کہ جن علاقوں میں بجلی پیدا ہوتی ہے وہاں پر لوکل لوگوں کا اس پر زیادہ حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری آٹا کی ترسیل کیلئے تمام فلور ملوں اور آٹا ڈیلرز اور آٹا پوائنٹس کو روزانہ کی بنیادوں پر چیک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اشیائے خوردونوش کی مقررہ کردہ ریٹ پر فراہمی کیلئے تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر محکموں کے افسران مارکیٹ کا معائنہ کریں اور مقررہ کردہ نرخ ناموں پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا ہم سب نے ملکر عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور ہر قسم کی تجاوزات جہاں جہاں ہے انکو فوری ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربن فلڈنگ سے بچنے کیلئے اسکا باقاعدہ پی سی ون بنایا جائے تاکہ ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کو فنڈنگ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد ایک خوبصورت شہر ہے جیسے ہی یہاں پرفلتھ ڈپو شفٹ ہوگا اس سے ایبٹ آباد شہر سے گندگی کا خاتمہ ہوگا انہوں نے کہا کہ گندگی کا سب سے بڑا مسئلہ پلاسٹک بیگ ہیں اگر ہم سب نے ملکر اسکا خاتمہ کرلیا تو ہماری آنے والی نسلوں کا بہت بڑا فائدہ ہوگا ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ اربن فلڈنگ بھی ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ذاتی ایجنڈا نہیں ہے بلکہ عوامی مشکلات اور مسائل کا حل تلاش کرنا ہے ہم سب نے عوامی فلاح وترقی پر کام کرنا ہے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں