0

ملک بھر میں بجلی بڑا بریک ڈاؤن، تمام بڑے، چھوٹے شہر بجلی سے محروم

اسلام آباد،لاہور،کراچی(مانند نیوز ڈیسک) ملک بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہو گیا جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔ ملتان ریجن میں بجلی ٹرپ ہونے سے پورے ملک میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی پیر کی صبح ساڑھے 7بجے کے قریب معطل ہوئی، ذرائع لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کا بتانا ہے کہ لاہور سمیت تمام بڑے، چھوٹے شہر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق جنوبی و شمالی مین لائینوں میں بیک وقت فالٹ آیا۔ادھر کراچی کے حوالے سے کیسکو چیف کا کہنا ہے کہ گڈو اور ڈی جی خان سے آنے والی سپلائی لائن ٹرپ کرگئی جس کے باعث پورا بلوچستان بجلی سے محروم ہے، فنی خرابی سے متعلق معلومات لی جارہی ہیں۔جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ان میں گلستان جوہر، گلشن جمال، راشد منہاس روڈ، رونگی، ملیر، قیوم آباد، اولڈ سٹی ایریا اور دیگر علاقے شامل ہیں۔بلوچستان کے تمام اضلاع میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے اور اس حوالے سے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)حکام کا بتانا ہے کہ گڈو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی دونوں ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کر گئی ہیں جس کی وجہ سے صوبے کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، سرگودھا، شور کوٹ، پیر محل اور دیگر کئی شہروں میں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔ذرائع کے مطابق گدو، جام شورو، مظفر گڑھ کے پاور پلانٹس بند ہیں جبکہ حویلی شاہ بہادر، بلوکی، تربیلا اور منگلا ڈیم میں 500میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی تھی، سسٹم بچانے کے لیے این پی سی کا فیوز بند کیا گیا، کراچی، جنوبی پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی بند کر دی گئی ۔ لیسکو، گیپکو،آئیسکو ریجنز میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ این ٹی ڈی سی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے بحالی کا کام شروع کر دیا۔ ترجمان آئیسکو نے کہا کہ اسلام آباد کے 117گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، ریجن کنٹرول سینٹر کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی، متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔  ا۔س وقت سسٹم مکمل طور پر بند ہے، مین لائنوں میں فالٹ کی وجہ سے پورا سسٹم بیٹھ گیا، بجلی کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں