0

 پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کا اسپیکر ہاوس کے باہر دھرنا

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے پارلیمنٹ کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہ دینے پر اسپیکر ہاوس کے باہر دھرنا دے دیا۔پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے دھرنے کے باعث منسٹر انکلیو جانے والا راستہ بند ہو گیا ہے۔اس موقع پر پی ٹی آئی اراکین نے کہا کہ اسپیکر ہاوس کے بعد ارکان قومی اسمبلی الیکشن کمیشن بھی جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اراکین چیف الیکشن کمشنر کو اپنے استعفوں کی واپسی سے متعلق آگاہ کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کے لیے پارلیمنٹ ہاوس کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔پی ٹی آئی اراکین پارلیمنٹ ہاوس پہنچنا شروع ہوئے لیکن ان کو پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کی قیادت میں پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی آئے تھے۔اس موقع پر عامر ڈوگر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سیکریٹری قومی اسمبلی یا اسپیکر ہم سے ملاقات کریں تاکہ استعفے واپس لیں، آج 45 اراکین اسمبلی اسپیکر آفس میں آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ آج سینیٹ کا اجلاس تھا وہ بھی ملتوی کر دیا گیا، ہم اس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی رہائش گاہ جائیں گے، آج ان کے گھر جا کر ان کے اسٹاف سے ملاقات کریں گے۔پی ٹی آئی رہنما لال ملہی نے کہا کہ عمران خان نے فیصلہ کیا کہ استعفے واپس لیں، ہم 45 ممبران نے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں